fbpx

MARRIAGE

GLOSSARY ROMAN

آ

آرسی مصحف کرنا:

نکاح کے بعد دولہا اور دلہن کو آئینہ دکھانے کی ایک رسم ہوتی ہے جس میں  دولہا دلہن ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں ، اسے آرسی مصحف کہا جاتا ہے۔ 

ا

ابٹن

شادی کے موقع پر تیل، خوشبو، بالچھڑاور جو کے آٹے سے بنا ایک مرکب جو نرمی نکھار اور خوشبو کے لئے دلہا دلہن کولگایا جاتا ہے ۔۔ 

ب

بارات:

مہمانوں کا جلوس جو خوب دھوم دھام سے دولہا کے ہمراہ دلہن کے گھر نکاح کی تقریب میں شرکت کے لئے جاتا ہے۔ 

پ

پالکی:

جسے ڈولی بھی کہا جاتا ہے، یہ لکڑی سے بنی ہوئی مستطیل شکل کی ایک سواری ہے جس میں دو جانب دروازہ ہوتا ہے۔ اس کے اگے اور پیچھے موٹے ڈندے لگے ہوتے ہیں جس کی مدد سے اسے اٹھا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جاتا ہے۔ ابتداء میں یہ سواری امراء کے لئے استعمال ہوتی تھی۔ پھر اسے دلہن کی رخصتی کے لئے بھی استعمال کیا جانے لگا۔

ت

تاریخ ٹھیرنا:

شادی کا دن اور تاریخ مقرر کرنے کے لئے دلہن کے گھر ایک چھوٹی سی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ جس میں دونوں گھرانوں کے بزرگ شریک ہوکر شادی کی تاریخ مقرر کرتے ہیں ۔۔ 

تلسی دانہ

یہ ایک قسم کا گلے میں پہننے والا زیور یا ہار ہے۔ جو موتیوں کی لڑی پر مشتمل ہوتا ہے۔ اور دیگر زیورات کے ساتھ دلہن کی آرائش کا ایک لازمی جزو ہے۔

ٹ

ٹپے:

یہ پنجابی لوک گیت کی ایک صنف ہے جو شادی بیاہ کے موقع پر آمنے سامنے بیٹھ کر مقابلتا گائے جاتے ہیں۔ یہ اکثر اوقات سوال جواب کے انداز میں ہوتے ہیں جنہیں مرد اور عورت دونوں شوق سے گاتے ہیں۔ انہیں ماہیےبھی کہا جاتا ہے۔

ث

ثقہ بند گواہ:

ایسا معتمد اور معتبرشخص جس کے قول و فعل پر اعتبار ہو۔ نکاح کے وقت عموما دو ثقہ بن گواہان لڑکے اور دو لڑکی کی جانب سے نکاح نامے پر دستخط کرتے ہیں۔ 

ج

جوتا چھپائی

یہ رسم برصغیر کی شادیوں میں عام ہے۔۔ اس میں دولہا کو بطور تحفہ  دلہن کی بہنوں کو پیسے دینے پڑتے ہیں ۔۔ اور یہ رقم کہیں سو میں تو کہیں ہزار میں ہوتی ہے ۔۔

جہیز:

 لڑکی کے والدین شادی کے موقع پر بیٹی کو ضرورت اور گھر کا جو سامان دیتے ہیں اسے جہیز کہا جاتا ہے۔ اس کی کوئی معین مقدار نہیں۔۔  ہر کوئی اپنی حیثیت اور خواہش کے مطابق اپنی بیٹی کو جہیز دیتا ہے۔

چ

چھوہارے:

یہ خشک کھجوریں ہوتی ہیں جوشادی کی تقریب میں نکاح کے بعد مہمانوں میں بانٹی جاتی ہیں ۔۔

ح

حق مہر:

حق مہر شادی کا ایک لازمی جزو ہے ۔۔ یہ وہ مقررہ رقم ہے جو ایک مسلمان مرد نکاح کے عوض اپنی منکوحہ کو ادا کرتا ہے یا ادا کرنے کا وعدہ کرتا ہے ۔۔ 

خ

خلخال:

پاؤں میں پہننے کا ایک زیور جسے پازیب بھی کہتے ہیں، اس میں گھنگرو لگے ہوتے ہیں، اکثر دلہنیں اسے پہننا پسند کرتی ہیں۔

خوشدامن:

  شوہر یا بیوی کی والدہ کو خوشدامن یا ساس کہا جاتا ہے۔