شادی محض ایک لفظ نہیں بلکہ ایک کیفیت ہے۔ جو دو انسانوں پر زندگی کے نئے در وا ہونے کے خیال سے ہی طاری ہو جاتی ہے۔ یہ بظاہر ایک خوش کن اور رومانوی احساس ہے۔ جس کا ذکر سنتے ہی نوجوان ماورائی دنیا میں پہنچ جاتے ہیں۔ جہاں ہر طرف رنگ، خوشبو، پیار محبت، چھیڑ چھاڑ، چاہنا اور چاہے جانے کی تمنا ہی بکھری ہوتی ہے۔ لیکن حقیقتا شادی صرف دو افراد کے ملاپ کا نام نہیں۔ بلکہ اس میں دو خاندان ملوث ہوتے ہیں۔ اور ایک خوشگوار عائلی زندگی تبھی گزاری جا سکتی ہے۔ جب ہر رشتے کو وہ اہمیت اور عزت دی جائے جس کا وہ مستحق ہے۔  

عائلی زندگی کا تعارف: 

خاندان ہر انسان کی سماجی شناخت ہوتا ہے۔ اور ایک خاندانی نظام کی بنیادی اکائی شوہر اور بیوی ہیں۔ اور ایک کامیاب خاندانی نظام کا انحصار شوہر اور بیوی کے آپس کے تعلقات پر منحصر ہے۔ اگر ان کے آپسی تعلقات اچھے ہیں تو ایک خوشگوار عائلی زندگی ان کی قسمت ہو گی۔ لیکن اگر ان کے تعلقات اچھے نہیں۔ یا ان میں خلل آ جائے تو گھریلو نظام کے ساتھ ساتھ بچے بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ 

انسان کی عائلی زندگی دو چیزوں سے عبارت ہے۔ شوہر، بیوی اور ان کی اولاد۔ اور دوسرا، اس تعلق کے نتیجے میں بننے والی معاشرتی، معاشی اور سماجی فضا۔ 

جب کبھی عائلی زندگی کا ذکر آئے تو ہمارے ذہن میں صرف اپنا گھر آتا ہے۔ اور ہم خود کو صرف اپنے گھر کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ لیکن عائلی زندگی سے مراد صرف ایک گھر یا خاندان نہیں ہے۔ بلکہ ہر انسان تعلقات کی سطح پر ایک خاندان کی تشکیل کر رہا ہوتا ہے۔ اس کے ماں باپ، بیوی بچے، اور دیگر قریبی رشتہ دار عائلی زندگی کے دائرے میں شمار ہوتے ہیں۔  

 

خوشگوار عائلی زندگی کے چند رہنما اصول: 

 

ایک مثالی جوڑا وہ ہوتا ہے جس میں شوہر اور بیوی کے درمیان ہم آہنگی موجود ہو۔ وہ ایک دوسرے سے محبت کرنے کے علاوہ، دکھ سکھ کے ساتھی، ایک دوسری کی ضروریات کا خیال رکھنے والے، اور ایک دوسرے کو اپنی ذات سے سکون پہنچانے والے ہوں۔ کیونکہ ایک خوشگوار عائلی زندگی صرف شوہر اور بیوی کے لئے ضروری نہیں۔ بلکہ ان کی آنے والی نسلوں پر بھی اس کا اثر پڑتا ہے۔  

اگر آپ کا گھرانہ ایسا ہے جہاں ہر وقت لڑائی جھگڑا، نفسا نفسی، ایک دوسرے سے لا تعلقی اور کھچاؤ ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ جہاں ہر وقت حقوق کی جنگ لڑی جائے۔ اور فرائض سے چشم پوشی کی جائے۔ ایسے گھر کے افراد خصوصاً بچوں اور نوجوانوں میں ناہموار شخصیت، نفسیاتی مسائل، محرومیاں، اور جذباتی اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملتا ہے۔  

شادی سے پہلے کن باتوں کا خیال رکھا جائے 

خوشگوار عائلی زندگی کے حصول کے لئے شادی سے پہلے جن چند اہم تدابیر کا اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔ وہ درج ذیل ہیں۔ 

۱-بلوغت کے بعد شادی میں دیر نہ کی جائے۔ غیر معقول اور غیر اہم خواہشات کی وجہ سے شادی کو مؤخر نہ کیا جائے۔  

۲-درست جیون ساتھی کا انتخاب بھی مضبوط شادی اور خوشگوار عائلی زندگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ رشتہ تلاش کرتے وقت بچوں کی خواہش اور پسند کو بھی مدنظر رکھا جائے۔  

۳-شادی پر بے جا اخراجات سے اجتناب برتا جائے۔ یہ نہ ہو کہ تمام تر بچت سے یا قرض لے کر شادی کر لی جائے اور بعد میں سالوں سال لڑکا اس بوجھ تلے دب کر خوشگوار  عائلی زندگی سے محروم رہے۔  

۴-شادی کے بعد والدین کا کردار ختم نہیں ہوتا۔ بلکہ بچوں کی شادی شدہ زندگی کو کامیاب بنانے اور ایک خوشگوار عائلی زندگی گزارنے کے لئے والدین کا ہاتھ ہمیشہ بچوں کے سر پر ہونا چاہئیے۔ اسی طرح شادی کے بعد لڑکے یا لڑکی کو بھی والدین کا تجربہ سے سیکھنا چاہئیے اور ایک خوشگوار عائلی زندگی کی بنیاد رکھنی چاہئیے۔  

شادی کے بعد کن باتوں کا خیال رکھا جائے: 

ہر شادی شدہ جوڑا اپنی زندگی بہترین، خوشگوار اور پرسکون گزارنا چاہتا ہے۔ جس میں انہیں نہ کوئی معاشی پریشانیاں ہوں اور نہ ہی معاشرتی۔ ان کے روز و شب عزت اور سکون سے بسر ہوں۔ ہر دن عید اور رات شب برات کی مانند ہو۔ ہدف سب کا ایک سا ہوتا ہے لیکن اسباب و وسائل مختلف ہوتے ہیں۔ یہاں سوال یہی پیدا ہوتا ہے کہ وہ کون سا راستہ ہے جس پر چل کر ایک خوشگوار عائلی زندگی تک پہنچا جائے۔  

ہر انسان خوبیوں اور خامیوں کا مجموعہ ہے۔ اور کوئی بھی انسان ایک مضبوط اور بہتر رشتہ تبھی قائم کر سکتا ہے۔ جب اس کی خوبیوں کو سراہا جائے۔ اور خامیوں کو نظر انداز کیا جائے۔ اور ایک خوشگوار عائلی زندگی گزارنے کے لیے ہر شخص اپنی زندگی میں موجود رشتوں کی قدر اور اہمیت برقرار رکھے۔ خاص کر ایک شوہر اور بیوی کو جن باتوں کا خیال رکھنا ہے۔ وہ درج ذیل ہیں۔  

احترام: 

رشتوں کی مضبوطی اور پائیداری کے لئے احترام پہلی شرط ہے۔ جو صرف شوہر اور بیوی کے درمیان ہی نہیں بلکہ تمام رشتوں میں ازحد ضروری ہے۔ بدلتے وقت کے ساتھ رشتوں میں وہ تقدس اور احترام باقی نہیں رہا۔ جو کچھ عرصہ پہلے تک دیکھا اور مشاہدہ کیا جاتا تھا۔ اس نفسا نفسی کے دور میں ہر شخص خود کو دوسروں سے افضل سمجھنے لگا ہے۔ لیکن ایک خوشگوار عائلی زندگی کی بنیاد رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ ہر رشتے کو عزت و احترام سے نوازا جائے۔  

احساس: 

کہا جاتا ہے کہ رشتے خون کے نہیں احساس کے ہوتے ہیں۔ یہ بات محض ان لوگوں کے لئے نہیں کہی جاتی جن کا آپس میں کوئی تعلق نہ ہو۔ بلکہ یہ احساس ہی ہے جو خون کے رشتوں کو بھی آپس میں جوڑے رکھتا ہے۔  

حقوق و فرائض کا خیال رکھنا 

وہ رشتے جو اپنےحقوق و فرائض کا خیال رکھتے ہیں۔ نہایت مضبوط ہوتے ہیں۔ شادی کے بعد دو افراد میں جب ایک نیا رشتہ بنتا ہے، تو ان کے لئے اپنے فرائض پر پوری طرح عمل پیرا ہونا نہایت ضروری ہے۔ اور دوسری طرف گھر کے باقی افراد کے لئے ان کے حقوق کا خیال رکھنا لازم ہے۔ ایک گھرانے کے افراد اگر ایک دوسرے کے حقوق و فرائض کو اہمیت دیں تو خوشگوار عائلی زندگی کی بنیاد پڑتی ہے۔  

صبرو تحمل 

برداشت اور صبر ایک خوشگوار عائلی زندگی کا نہایت اہم عنصر ہے۔ افراد خانہ ایک دوسرے کی کمی اور کوتاہیوں کو برداشت کریں۔ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اس سے سب کی زندگی پرسکون گزرے گی۔   

توجہ 

دنیا میں ہر رشتہ اور تعلق توجہ مانگتا ہے۔ اور یہ انسان کی فطرت بھی ہے کہ وہ عمر کے کسی حصے میں بھی ہو۔ اسے خود سے منسلک رشتوں کی بھرپور توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ رشتہ والدین اور اولاد کا ہو یا بہن بھائیوں کا۔ انہیں چاہئے کہ اپنی روزانہ کی ذمہ داریوں سے فراغت کے بعد کچھ وقت خود سے منسلک لوگوں کو دیں۔ مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کریں۔ رشتوں میں قربت ہی ایک خوشگوار عائلی زندگی کی علامت ہے۔ 

تعاون: 

تعاون اور باہمی اشتراک رشتوں کو مضبوط بنانے کی کنجی ہے۔ زندگی کی گاڑی احسن طریقے سے تبھی چل سکتی ہے اگر سب ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ ایک خوشحال اور خوشگوار عائلی زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہے کی ہر رشتے کو اہمیت دی جائے۔ ان کی قدر کی جائے۔ 

 انٹرنیٹ نے جہاں اس دنیا کو گلوبل ویلیج بنایا ہے وہیں ہمارے قریبی رشتوں کو بھی ہم سے کسی حد تک دور کر دیا ہے۔ آج ساری دنیا میں ہمارے سینکڑوں آن لائن دوست ہیں۔ لیکن اپنے ساتھ رہنے والے رشتوں کو اس نفسا نفسی کے دور میں ہم کہیں پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔  

حقیقت تو یہ ہے کہ خوب صورت اور خوشگوار عائلی زندگی کا راز رشتوں کی قدر کرنے اور ان سے محبت کرنے میں ہی پوشیدہ ہے ۔ اور تمام رشتوں میں توازن اسی صورت برقرار رہ سکتا ہے جب ہم حسد، کینہ اور بغض کی بجائے محبت، شفقت اور احساس سے کام لیں۔  

سمپل رشتہ ایک ایسا ادارہ ہے جو رشتوں کی اہمیت اور تقدس کو سمجھتا ہے۔ اور ایک خوشگوار عائلی زندگی کی بنیاد رکھنے کے لئے آپ کو مناسب جوڑ تلاش کرنے کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ رجسٹر کے بٹن پر کلک کر کے آپ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔