میاں بیوی کا رشتہ محبت، برداشت، اعتماد اور اللہ کی رضا کے لیے جڑا ہوتا ہے۔ ایک پاکیزہ رشتے کے حصول اور کامیابی کے لیے جہاں دنیاوی تدابیر اہم ہیں۔ وہیں شادی کی دعائیں بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے مدد مانگنا، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سکھائی ہوئی دعاؤں کو اپنانا، اور مسلسل خیر کی طلب ہی اس رشتے کو مضبوطی عطا کرتی ہے۔ 

ازدواجی تعلق میں دعا کی اہمیت 

اسلام ہمیں ہر معاملے میں اللہ سے رجوع کرنے کا درس دیتا ہے۔ جب دو افراد نکاح کے بندھن میں بندھتے ہیں۔ تو شیطان ان کے درمیان اختلاف ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایسے میں اللہ سے حفاظت مانگنا، مسنون دعاؤں کا اہتمام کرنا، اور اخلاص کے ساتھ رب سے مدد طلب کرنا خوشگوار ازدواجی زندگی کی بنیاد بناتا ہے۔ شادی کی دعائیں صرف نکاح کے وقت ہی نہیں بلکہ پورے ازدواجی سفر میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ 

غیر شادی شدہ افراد جب شدید خواہش اور بے قراری کے عالم میں ہوتے ہیں۔ اور یہ خیال دن رات ان کا احاطہ کئے رہتا ہے۔ کہ میری شادی کب ہو گی؟ تو وہ دن رات اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ یا اللہ میری شادی نیک اور اچھے انسان سے ہو جائے۔ یہ دعائیں اُن کے دل کی آواز بن جاتی ہیں۔ لیکن جب اللہ یہ دعا قبول کر لیتا ہے اور شادی ہو جاتی ہے، تو رفتہ رفتہ وہ دعا کے جذبے کو بھول جاتے ہیں۔ 

یاد رہے، شادی ایک اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ ایک دعا نے اگر آپ کو شادی تک پہنچایا ہے۔ تواب دعا ہی ہے جو شادی کو مضبوط، خوبصورت اور پائیدار بنا سکتی ہے۔ 

شادی کی دعائیں 

اسلام نے زندگی کے ہر پہلو کے لیے دعاؤں کی تعلیم دی ہے۔ اور ازدواجی زندگی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ قرآن و سنت میں کئی ایسی مسنون دعائیں موجود ہیں جو میاں بیوی کے درمیان محبت، سکون اور برکت کا ذریعہ بنتی ہیں۔ 

قرآن کریم اور احادیثِ نبویہ میں کئی ایسی دعائیں موجود ہیں۔ جو خاص طور پر شادی شدہ جوڑوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ان میں سے کچھ دعائیں براہ راست ذکر کی گئی ہیں۔ اور کچھ عمومی طور پر زندگی کی برکت و سکون کے لیے ہیں۔ جنہیں ازدواجی زندگی پر بھی منطبق کیا جا سکتا ہے۔ ان شادی کی دعاؤں میں سے چند درج ذیل ہیں۔ 

نکاح کے وقت کی دعا 

اللّٰهُمَّ بَارِكْ لَهُمَا وَبَارِكْ عَلَيْهِمَا وَاجْمَعْ بَيْنَهُمَا فِي خَيْرٍ 

اے اللہ! ان دونوں کو برکت دے، ان پر برکت نازل فرما اور ان دونوں کو بھلائی کے ساتھ جمع رکھ۔ 

یہ دعا شادی کے موقع پر پڑھی جاتی ہے تاکہ یہ رشتہ خیر و برکت کا ذریعہ بنے 

میاں بیوی کے درمیان محبت کی دعا 

اس آیت کو پڑھ کر دعا کی جائے کہ اللہ ہمارے درمیان محبت اور رحمت کو قائم رکھے۔ 

وَاجْعَلْ بَيْنَكُمْ مَوَدَّةً وَرَحْمَةً 

سورہ روم 

اور اُس نے تمہارے درمیان محبت اور رحمت رکھ دی۔ 

فتنے اور طلاق سے بچنے کی دعا 

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں زندگی کے ہر موڑ کے لیے دعائیں سکھائیں۔ جن میں ازدواجی زندگی سے متعلق دعائیں بھی شامل ہیں۔ 

رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا 

سورہ الفرقان 

ے ہمارے رب! ہمیں ہماری بیویوں اور اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما، اور ہمیں پرہیزگاروں کا امام بنا۔ 

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی جس دن رخصتی تھی۔ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم ان کے مکان پر تشریف لے گئے۔ اور تھوڑا سا پانی منگوا کر اس پر دعا کی۔ اور پھر وہ پانی حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اور حضرت علی رضی اللہ عنہ پر یہ الفاظ فرماتے ہوئے چھڑکا۔ 

 اَللّٰھُمَّ بَارِکْ فِیْھِمَا وَبَارِکْ عَلَیْھِمَا وَبَارِکْ لَھُمَا نَسْلَھُمَ 

ا یعنی اے میرے اللہ! تو ان دونوں کے باہمی تعلقات میں برکت دے۔ اوران کے ان تعلقات میں برکت دے جودوسرے لوگوں کے ساتھ قائم ہوں۔ اور ان کی نسل میں برکت دے۔

پھر آپ نے حضرت فاطمہؓ سے کہا میرے پاس پانی لاؤ۔ وہ ایک پیالے میں پانی لائیں۔ آپؐ نے اسے لیا اور اس میں کلی کی۔ پھر حضرت فاطمہؓ سے فرمایا کہ آگے بڑھو۔ وہ آگے ہوئیں۔ آپؐ نے ان پر اور ان کے سر پر کچھ پانی چھڑک۔ا اور دعا دیتے ہوئے کہا۔ 

اَللّٰھُمَّ اِنِّی اِعیْذُھَا بِکَ وَذُرِّیَتِھَا مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ 

اے اللہ! اس کو اور اس کی اولاد کو شیطان مردود سے تیری پناہ میں دیتا ہوں۔

دعا: محبت اور رحمت کا مستقل ذریعہ 

ازدواجی زندگی میں محبت اور رحمت کا قائم رہنا محض ظاہری رویوں پر نہیں بلکہ روحانی توجہ اور اللہ تعالیٰ کی مدد پر بھی منحصر ہوتا ہے۔ شوہر اور بیوی میں جذباتی تعلق اس وقت پروان چڑھتا ہے جب دونوں ایک دوسرے کی باتوں کو سمجھنے، برداشت کرنے اور معاف کرنے کا جذبہ رکھتے ہوں۔ اکثر اوقات معمولی باتوں پر دل آزاری ہو جاتی ہے۔ غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ اور باتیں دل میں بیٹھ جاتی ہیں۔ ایسے لمحات میں شوہر اور بیوی دونوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے لیے دل سے دعا کریں۔ اور رب سے درخواست کریں کہ 

یا اللہ! ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت، نرمی، اور سمجھ بوجھ پیدا فرما۔ ہمیں شیطان کے وسوسوں سے محفوظ رکھ۔ اور ہماری ازدواجی زندگی کو اپنی رضا کا ذریعہ بنا دے۔ 

آج کی تیز رفتار زندگی میں جب تعلقات مشینی ہوتے جا رہے ہیں، دعا وہ واحد ذریعہ ہے جو دلوں کو جوڑتا ہے اور نفرتوں کو مٹا دیتا ہے۔ روزمرہ زندگی میں چند لمحے نکال کر اپنے شریکِ حیات کے لیے دعا کرنا، خود بھی سکون دیتا ہے اور رشتہ بھی مضبوط کرتا ہے۔ 

اکثر نوجوانوں کے ذہن میں یہ سوال ہوتا ہے کہ پسند کی شادی کیسے کریں؟ اس کا جواب یہی ہے کہ شادی کے بندھن میں صرف جذباتی وابستگی ہی نہیں بلکہ روحانی ہم آہنگی اور اللہ سے تعلق بھی ضروری ہوتا ہے۔ پسند کی شادی میں اگر رب کی رضا شامل ہو۔ اور دونوں فریقین ایک دوسرے کے لیے دعا گو ہوں۔ تو یہ تعلق مضبوطی اختیار کرتا ہے۔ 

مزید براں، والدین کے خوشحال تعلقات بھی بچوں کی ذہنی اور جذباتی نشوونما پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس لیے والدین کی دعاؤں میں ایک دوسرے کے لیے خیر کی طلب ضروری ہے۔ شادی کی دعائیں صرف دو افراد کے درمیان نہیں بلکہ ایک پورے خاندان کی بنیاد ہوتی ہیں۔ کام پر جاتے شوہر کے لئے اگر بیوی دعا کرے کہ 

اللہ تمہیں رزقِ حلال عطا کرے اور تمہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ 

بیوی کو گھر اور بچوں کی ذمہ داریاں سنبھالتا دیکھ کر شوہر بیوی کے لئے دعا کرے کہ 

یا اللہ! میری بیوی کو صحت، آسانی اور خوشی عطا فرما۔ 

بچوں کے سامنے محبت اور دعاؤں کا اظہار نہ صرف گھر کے ماحول کو خوبصورت بناتا ہے۔ بلکہ انہیں بھی اس بات کا عملی درس دیتا ہے کہ شریک حیات کے لئے دعا کرنا کتنا ضروری ہے۔ اور یہ کہ شادی کی دعائیں صرف کتابی الفاظ نہیں۔ بلکہ یہ عملی رویے اور محبت کی شکل میں سامنے آنی چاہئیں۔ 

شادی کی دعائیں روزمرہ زندگی میں کیسے شامل کی جائیں؟ 

اکثر میاں بیوی صرف خاص مواقع یا پریشانی کے وقت دعاؤں کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ لیکن اصل حکمت یہ ہے کہ روزانہ دعا کو معمول بنالیا جائے۔ صبح یا رات سونے سے پہلے ان دعاؤں کا ورد کرنا، کھانے، سفر، حتیٰ کہ عام گفتگو میں بھی دعاؤں کو شامل کریں 

شادی کی دعائیں صرف خاص مواقع کے لیے نہیں ہوتیں۔ بلکہ انہیں روزمرہ زندگی کا حصہ بنا کر ہم اپنے رشتے کو اللہ کی رحمت، سکون اور خیر سے بھر سکتے ہیں۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جو بے آواز ہوتا ہے۔ مگر اس کا اثر بہت گہرا اور دیرپا ہوتا ہے۔  

جب ہم شادی کے خواب اور ان کی تعبیر کو سچ ہوتے دیکھتے ہیں۔ تو یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ دعا ہی وہ ذریعہ ہے ۔جس نے ان خوابوں کو حقیقت میں بدلا۔ اسی لیے شادی کے بعد بھی دعاؤں کو جاری رکھنا، ان کی روح کو زندہ رکھنا، خوشگوار ازدواجی زندگی کی بنیاد ہے۔ 

آئیے آج سے عہد کریں کہ روزانہ اپنی اور اپنے شریکِ حیات کی بھلائی کے لیے دعا مانگیں گے۔  

اللهم ألف بين قلوبنا وأصلح ذات بيننا 

اے اللہ! ہمارے دلوں کو جوڑ دے اور ہمارے درمیان صلح و اصلاح فرما۔ 

سنن ابی داؤد

اور دعا کیجئے، کہ اللہ ہمیں نیک، پرسکون، اور محبت بھری ازدواجی زندگی عطا فرمائے۔ اور ہمیں ان خوش نصیبوں میں شامل فرمائے۔ جو اپنی شادی کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔ آمین۔

Simple Rishta

Simple Rishta

We are available from : 10:00 AM to 10:00 PM (Monday to Friday)

I will be back soon

Simple Rishta
Hey there 👋
How can we help you?
Messenger