دنیا میں ہر رشتہ اپنے اندر ایک خوبصورتی اور ذمہ داری لیے ہوتا ہے۔ لیکن شوہر کا رشتہ ایک ایسا رشتہ ہے جو محبت، تحفظ، قیادت، فہم، اور قربانی کا مجموعہ ہوتا ہے۔ "کیا آپ ایک مثالی شوہر ہیں؟" 

بظاہر یہ سوال سادہ سا لگتا ہے۔ مگر اس کے جواب میں چھپی ہے زندگی بھر کی عکاسی، خود احتسابی اور اخلاص۔ 

مثالی شوہر ہونے کا مطلب کیا ہے؟ 

ایک مثالی شوہر ہونے کا تصور بیک وقت آسان اور پیچیدہ ہے۔ مثالی شوہر صرف وہ شخص نہیں ہوتا جو مالی طور پر مضبوط ہو۔ یا خاندان کی ضروریات پوری کر سکے۔ بلکہ وہ شخص ہوتا ہے۔ جو اپنی بیوی کے جذبات اور وجود کو اہمیت دیتا ہے۔ جو صرف شوہر نہیں بلکہ ساتھی، دوست، مشیر، اور سہارا بھی ہو۔ 

ہم اگر معاشرتی معیارکو دیکھیں تو معاشرے کے نزدیک ایک اچھا شوہر وہ ہے۔ جس کی نوکری اچھی ہو۔ اپنا گھر ہو۔ بیوی کوکپڑے، جوتے، زیور دلائے۔ بچوں کو اچھے تعلیمی اداروں میں بھیجے۔ لیکن کیا یہ سب کچھ کافی ہے؟ 

یقینا نہیں۔ اصل سوالات یہ ہونے چاہئیں۔  

کیا آپ اپنی بیوی کی دل کی بات سن پاتے ہیں؟  

آپ نے کبھی بیوی سے پوچھا کہ وہ خوش ہے یا نہیں؟  

کیا آپ کی موجودگی آپ کی بیوی کی زندگی کو آسان بناتی ہے یا مشکل؟ 

مثالی شوہر  

یوں تو ہر اچھا شوہر اپنی بیوی کی خواہشات، جذبات اور ضروریات کا احترام کرتا ہے۔ اور رشتے کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل محنت کرتا ہے۔ کیونکہ ایک مثالی شوہر کا کردار صرف روزمرہ کی گھریلو زندگی تک محدود نہیں ہوتا۔ بلکہ وہ اپنی بیوی کا ہم سفر، ہم راز اور ہر میدانِ زندگی میں معاون بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 

شوہر کی روایتی خوبیاں 

ایک مثالی شوہر میں روایتی خوبیاں آج بھی اہم ہیں۔ جیسے بیوی کی عزت کرنا، اس کی رائے کو اہمیت دینا، اس کی باتوں کو غور سے سننا، بے وجہ تنقید سے گریز کرنا۔ اور کبھی اسے دوسروں کے سامنے شرمندہ نہ کرنا۔  

زندگی کے نشیب و فراز، اختلافات، اور غصے کے لمحات آنا فطری بات ہے۔ لیکن مثالی شوہر وہی ہے جو صبر، برداشت اور شفقت سے ان مراحل کو عبور کرے۔ کامیاب ازدواجی زندگی کی بنیاد اسی سمجھداری اور باہمی احترام پر قائم ہوتی ہے۔ 

جب شوہر بیوی کی محنت، جیسے کھانا پکانا، بچوں کی دیکھ بھال، یا گھر کے نظم و ضبط کو سراہتا ہے۔ تو یہ تعریف بیوی کو ایک مثبت توانائی اور خوداعتمادی فراہم کرتی ہے۔ 

لیکن اس کے ساتھ ساتھ اب رشتے میں چھوٹی چھوٹی خواہشات بھی بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ جو محبت کا خاموش مگر پُراثر اظہار ہوتی ہیں۔ مثلاً بیوی کے لیے چائے بنانا، اس کا ہاتھ بٹانا، اس کی پسندیدہ چیز لے آنا۔ یہ سب وہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں۔ جو بیوی کے دل کو چھو جاتی ہیں۔ اور شوہر کو ایک مثالی شریکِ حیات بنا دیتی ہیں۔ 

جدید دور میں مثالی شوہر کا کردار اور ذمہ داریاں 

دیکھا جائے تو آج کے تیزرفتار اور بدلتے زمانے میں شوہر ہونے کے روایتی تقاضے کافی بدل چکے ہیں۔ آج کی عورت تعلیم یافتہ، باشعور اور خودمختار ہے۔ وہ محض تحفظ نہیں بلکہ جذباتی، ذہنی اور سماجی سطح پر برابری اور شراکت داری چاہتی ہے۔ اس لیے آج کا مثالی شوہر وہی کہلائے گا۔ جو نہ صرف کمانے والا ہو۔ بلکہ سمجھنے اور سیکھنے والا بھی ہو۔ 

آج کے جدید دور میں کچھ نئی خوبیاں اور تقاضے بھی سامنے آتے ہیں جو ایک شوہر کو مثالی بناتے ہیں۔ 

ڈیجیٹل توازن قائم رکھنا 

آج کا شوہر موبائل، سکرینز، گیمز اور سوشل میڈیا میں اتنا گم نہ ہو کہ بیوی خود کو نظرانداز محسوس کرے وہ جانتا ہو کہ کہاں ڈیجیٹل ڈسکنیکٹ کر کے ریئل کنیکٹ ہونا ہے۔ اسے علم ہونا چاہئیے کہ بیوی کو سنا جائے، نہ کہ ہر وقت فون میں گم رہا جائے۔ رشتے بمقابلہ ٹیکنالوجی کا یہ توازن سمجھنا بہت ضروری ہے۔ 

ذہنی صحت کا شعور رکھنے والا 

آج کے دور میں ایک شوہر کو اپنی اور اپنی بیوی کی  ذہنی صحت کو سمجھنے والا ہونا چاہیے۔ اگر بیوی ڈپریشن یا ذہنی تکان محسوس کرے۔ تو اسے طعنہ دینے کے بجائے اس کا ساتھ دے۔ مدد کرنے پر آمادہ ہو۔ 

جنریشن گیپ کو سمجھنے والا 

آپ کو ایک مثالی شوہربننا ہے تویہ بات سمجھنا ہو گی کہ بیوی کے خیالات، خواہشات یا ترجیحات اُس کی ماں یا نانی سے مختلف ہو سکتی ہیں۔ اور یہ کوئی گستاخی نہیں بلکہ وقت کا تقاضا ہے۔ آج کل کی بیوی چاہتی ہے کہ شوہر کنٹرول کرنے والا نہیں بلکہ ایڈجسٹ کرنے والا ہو۔ 

جذباتی طور پر مستحکم

آج کے دور میں ایک مثالی شوہر وہ ہے۔ جو صرف گھر میں نہ صرف جسمانی بلکہ جذباتی طور پر بھی حاضر ہو۔ وہ اپنی بیوی کے جذبات کو سننے اور سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ جب بیوی تھکی ہوئی ہو۔ کسی پریشانی میں مبتلا ہو۔ یا کسی بات سے دکھی ہو۔ تو شوہر صرف "چپ کر جاؤ” یا "یہ کوئی بڑی بات نہیں” کہنے والا نہ ہو۔ بلکہ احساس رکھنے والا، ہمدردی کرنے والا اور سہارا دینے والا ہو۔ 

مثالی شوہر بیوی کے خوف، غصے، خوشی اور اداسی، ہر جذبے کو اہمییت دیتا ہے۔ یہی جذباتی موجودگی رشتے میں گہرائی، اعتماد اور محبت کو جنم دیتی ہے۔ 

گھریلو امور میں فعال

پہلے دور میں شوہر بیوی کا ہاتھ بٹانے سے کتراتے تھے۔ پھر زماہ بدلا تو اسے قابلِ تعریف سمجھا جانے لگا۔ آج یہ ضرورت بن چکا ہے۔ کیونکہ آج کی عورت بھی کیرئیر پر فوکس کرنے والی ہے۔ وہ ہر کام میں شوہر کی شرکت چاہتی ہے۔ آج کا شوہر اگر بچوں کے ڈائپر بدلتا ہے یا برتن دھوتا ہے تو اسے کمزوری یا رن مریدی نہیں۔ بلکہ محبت اور انڈرسٹینڈنگ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ 

بیوی کے کریئر یا شوق کا حامی

مثالی شوہر بیوی کو صرف اپنے بچوں کی ماں یا محض بیوی نہ سمجھے۔ بلکہ اگر وہ کوئی ہنر، کاروبار یا نوکری کرنا چاہتی ہے۔ تو اس کا ساتھ دے۔ اس کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔ 

حدود کا شعور رکھنے والا

آج کے دور میں، جہاں سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکے ہیں، وہاں رشتوں میں حدود کا شعور بے حد ضروری ہے۔ ایک مثالی شوہر وہ ہوتا ہے۔ جو اپنے آن لائن رویے میں شفاف ہو۔ اور ایسا کوئی عمل نہ کرے جس سے بیوی کو شک، بےچینی یا عدم تحفظ کا احساس ہو۔ 

وہ جانتا ہو کہ اعتماد صرف زبانی نہیں بلکہ عملی رویے سے قائم رہتا ہے۔ وہ اپنی گفتگو، دوستیوں، یا سوشل میڈیا کے استعمال میں ایسی شفافیت رکھتا ہے جو بیوی کے دل کو مطمئن رکھے۔ 

شوہر جانتا ہو کہ خفیہ باتیں اور رویے، یا غیر ضروری دوستیوں سے رشتے کمزور ہوتے ہیں۔ ایسا شوہر اپنی بیوی کو یہ احساس دلاتا ہے کہ 

"تم میری پہلی ترجیح ہو۔ اور تمہیں یہ جاننے کا پورا حق ہے کہ میری دنیا میں کون شامل ہے۔" 

رشتے کو ٹیم ورک سمجھنے والا

آج کا مثالی شوہر جانتا ہے کہ وہ فیملی ہیڈ ہونے کے ساتھ ساتھ فیملی ٹیم کا حصہ بھی ہے۔ لہذا فیصلہ سازی مشترکہ ہونی چاہیے۔ حکم کے بجائے مشورہ ہونا چاہیے۔  

اختتام

آج کے دور میں مثالی شوہر ہونا صرف محبت کرنے یا نان نفقہ پورا کرنے کا نام نہیں۔ بلکہ آج کا مثالی شوہر وہ انسان ہے۔ جو زمانے کی تبدیلی کے ساتھ رشتے کے تقاضے بھی سمجھتا ہو۔ اس دور میں شوہری کے فرائض سنجیدگی، سمجھداری اور شراکت داری سے بڑھ کر سماجی شعور، جذباتی ذہانت اور ٹیکنالوجیکل توازن تک جا پہنچے ہیں۔  

کامیاب شادی شدہ جوڑے کی خصوصیات میں یہی بات نمایاں ہوتی ہے کہ دونوں فریق وقت کے ساتھ خود کو بہتر بناتے ہیں۔ گویا، آج مثالی شوہر وہی ہے جو وقت کے ساتھ خود کو بدلتا ہے، سیکھتا ہے، سمجھتا ہے، اور اپنی بیوی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر ایک خوبصورت، مضبوط اور پائیدار رشتہ قائم کرتا ہے۔آخر میں ہم اپنے قارئین سے چند سوالات پوچھنا چاہیں گے۔

کیا آپ کے خیال میں آپ ایک مثالی شوہر ہیں؟ 

آپ کے نزدیک کون سی خوبیاں انسان کو مثالی شوہر بناتی ہیں؟ 

کیا آپ نے کبھی اپنے رشتے میں ان جدید تقاضوں کو محسوس کیا یا ان پر عمل کیا؟ 

اگر آپ ایک بیوی ہیں، تو آپ کے نزدیک "مثالی شوہر” کی سب سے نمایاں صفت کیا ہے؟

آپ کی رائے ہمارے لیے قیمتی ہے۔ تبصرے میں اپنی رائے کا اظہار ضرور کیجئے گا۔

Simple Rishta

Simple Rishta

We are available from : 10:00 AM to 10:00 PM (Monday to Friday)

I will be back soon

Simple Rishta
Hey there 👋
How can we help you?
Messenger