بیوہ کی عدت کیا ہے؟ مدت اور اہم مسائل کی مکمل وضاحت

اسلامی تعلیمات میں بیوہ کی عدت ایک نہایت اہم اور حساس موضوع ہے۔ جس کا تعلق عورت کی عزت، حقوق اور معاشرتی توازن سے ہے۔ جب کسی عورت کا شوہر وفات پا جائے تو اس کے بعد ایک مخصوص مدت گزارنا شریعت کا حکم ہے۔ جسے عدت کہا جاتا ہے۔ اس مدت کے دوران عورت کو کچھ خاص احکامات پر عمل کرنا ہوتا ہے۔ تاکہ نہ صرف نسب کی حفاظت ہو بلکہ جذباتی اور سماجی طور پر بھی استحکام حاصل ہو۔ بدقسمتی سے عدت کے حوالے سے کئی غلط فہمیاں بھی پائی جاتی ہیں۔ جنہیں سمجھنا ضروری ہے۔
بیوہ کی عدت کیا ہے؟
عدت اس مدت کو کہتے ہیں جو شوہر کی وفات کے بعد عورت کو گزارنی ہوتی ہے۔ اس دوران وہ نکاح نہیں کر سکتی اور کچھ خاص حدود کی پابندی کرتی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد ہے۔
۱۔ نسب کی حفاظت
۲۔ عورت کو جذباتی وقت دینا
۳۔ معاشرتی استحکام
اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا
اور جو لوگ تم میں سے وفات پائیں اور اپنی بیویاں چھوڑ جائیں، تو وہ عورتیں اپنے آپ کو چار مہینے دس دن روکے رکھیں۔
(البقرہ: ۲۳۴)
یہ آیت بیوہ کی عدت کی بنیاد ہے۔ اور علمائے کرام کا اس پر اجماع ہے۔
بیوہ کی عدت کی مدت
ایک بیوہ عورت کی عدت کی مدت چار مہینے اور دس دن ہے۔ بشرطیکہ عورت حاملہ نہ ہو۔
| حالت | عدت کی مدت | وضاحت |
| غیر حاملہ بیوہ | 4 ماہ 10 دن | عام حالت میں یہی مقررہ مدت ہے |
| حاملہ بیوہ | بچے کی پیدائش تک | چاہے مدت کم ہو یا زیادہ |
| اگر وفات مہینے کی پہلی تاریخ کو ہو | 4 ماہ 10 دن (چاند کے حساب سے) | قمری مہینوں کے مطابق گنتی ہوگی |
| اگر وفات کسی اور دن ہو | 130 دن | دنوں کے حساب سے مکمل کیے جائیں گے |
یہ مدت چاند کے مہینوں کے حساب سے ہے۔ اگر مہینہ پورا ہو تو ۴ مہینے اور ۱۰ دن شمار کیے جائیں گے۔ اور اگر حساب دنوں میں لگانا ہو تو ۱۳۰ دن بنتے ہیں۔
عدت کی ابتداء کب سے ہوتی ہے؟
بیوہ کی عدت شوہر کی وفات کے وقت سے شروع ہوتی ہے۔ نہ کہ وفات کی خبر ملنے کے وقت سے۔ چنانچہ اگر کسی عورت کو اپنے شوہر کی وفات کی خبر ایک ماہ بعد ملی۔ تو اس کی عدت کا شمار وفات کے دن سے ہوگا۔
اگر عورت کو بعد میں خبر ملے اور عدت کی مدت پوری بھی ہو چکی ہو۔ تب بھی شرعاً عدت پوری سمجھی جائے گی۔ کیونکہ عدت کا آغاز وفات سے ہوتا ہے۔
عدت کی حکمت اور مقصد کیا ہے؟
عورت بیوہ ہو یا مطلقہ۔ عدت کے دو بنیادی مقصد ہوتے ہیں۔
پہلا مقصد استبراءِ رحم ہے۔ یعنی یہ یقین کرنا کہ عورت کے رحم میں حمل موجود نہیں۔ تاکہ نسب محفوظ رہے اور کسی قسم کا ابہام نہ رہے۔
دوسرا مقصد یہ ہے کہ نکاح ختم ہونے (طلاق یا وفات) پر عورت کے دل میں جو غم اور افسوس ہوتا ہے۔ اس کا اظہار کیا جائے اور اسے ایک مناسب وقت دیا جائے۔ تاکہ وہ ذہنی طور پر سکون حاصل کر سکے۔
لیکن ان سب سے بڑھ کر اصل بات یہ ہے کہ عدت اللہ تعالیٰ کا حکم ہے۔ اس لیے ہر عورت پر عدت لازم ہے۔ چاہے وہ مطلقہ ہو یا بیوہ، حاملہ ہو یا غیر حاملہ۔ اور چاہے اسے حیض آتا ہو یا نہ آتا ہو۔ ہر حالت میں عدت کے احکام پر عمل ضروری ہے۔
قرآن مجید نے عدت کے احکام واضح طور پر بیان کیے ہیں۔ اگر عدت کا مقصد صرف حمل کی جانچ ہوتا تو جن عورتوں کو حیض نہیں آتا ان پر عدت لازم نہ ہوتی۔ لیکن اسلام میں ان پر بھی عدت فرض ہے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ عدت صرف طبی یا ظاہری وجہ نہیں۔ بلکہ ایک الٰہی حکم اور عبادت بھی ہے۔ لہٰذا ایک مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ اللہ کے حکم کو دل سے تسلیم کرے۔ چاہے اس کی حکمت پوری طرح سمجھ آئے یا نہ آئے۔
عدت کے مقاصد
خاص طور پر بیوہ اور طلاق کی عدت میں یہ تمام حکمتیں زیادہ واضح ہو جاتی ہیں۔
۱۔ شوہر کے انتقال کا احترام اور سوگ کا اظہار
۲۔ ممکنہ حمل کی وضاحت اور نسب کی حفاظت
۳۔ نئے نکاح سے پہلے ذہنی سکون اور جذباتی استحکام
۴۔ خاندان اور معاشرے کو تبدیلی کے لیے وقت دینا
یہ تمام پہلو مل کر عدت کو ایک مکمل اسلامی، سماجی اور نفسیاتی نظام بناتے ہیں۔
بیوہ کی عدت کے اہم احکام
عدت کے دوران عورت پر درج ذیل احکام لاگو ہوتے ہیں۔
۱۔ گھر میں رہنا (سکنیٰ)
بیوہ کو عدت کے دوران اس گھر میں رہنا چاہیے جس میں شوہر کی وفات کے وقت وہ مقیم تھی۔ علمائے کرام کی اکثریت کا یہی مؤقف ہے۔
۲۔ احداد (سوگ)
عدت کے دوران بیوہ پر احداد یعنی سوگ واجب ہے۔ اس میں درج ذیل باتوں سے پرہیز ضروری ہے۔
بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنا
خوشبو اور زیب و زینت سے پرہیز
نکاح یا منگنی سے اجتناب
سادہ لباس اختیار کرنا
۳۔ نکاح کی ممانعت
عدت کے دوران بیوہ کسی سے بھی نکاح نہیں کر سکتی، خواہ وہ پہلا شوہر ہو یا کوئی نیا رشتہ
| حکم | وضاحت |
| گھر میں رہنا (سکنیٰ) | عدت کے دوران عورت کو شوہر کے گھر میں رہنا ضروری ہے، بلا ضرورت باہر نہیں جانا چاہیے |
| احداد (سوگ) | زیب و زینت، خوشبو، زیورات اور بناؤ سنگھار سے پرہیز کرنا لازم ہے |
| نکاح کی ممانعت | عدت مکمل ہونے تک نکاح یا منگنی کی اجازت نہیں ہوتی |
بیوہ کی عدت کے مسائل
ایک بیوہ کی عدت کے مسائل میں سے کچھ عملی سوالات بہت اہم ہیں۔ جو عام طور پر خواتین کو درپیش ہوتے ہیں۔
۱۔ ملازمت اور باہر جانا
اگر بیوہ ملازمت پیشہ ہے یا اسے گھر کی ضروریات کے لیے باہر جانا ضروری ہو، تو علمائے کرام نے دن میں ضرورت کے تحت باہر جانے کی اجازت دی ہے۔ البتہ رات کو گھر سے باہر قیام بغیر ضرورت کے جائز نہیں۔
۲۔ طبی علاج
بیماری یا طبی ضرورت کے لیے ڈاکٹر کے پاس جانا جائز ہے، اس میں عدت کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔
۳۔ رہائش کا مسئلہ
اگر عدت کا گھر رہنے کے قابل نہ ہو۔ خطرناک ہو، یا کرایہ ادا نہ کیا جا سکتا ہو، تو علمائے کرام نے ضرورت کی بنا پر دوسری جگہ منتقل ہونے کی اجازت دی ہے۔
حاملہ بیوہ کی عدت
اگر بیوہ حاملہ ہو، تو اس کی عدت وضعِ حمل یعنی بچے کی پیدائش تک ہے، چاہے یہ مدت چار مہینے دس دن سے کم ہو یا زیادہ۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا۔
اور حاملہ عورتوں کی عدت ان کے وضعِ حمل تک ہے۔
یہ آیت واضح دلیل ہے کہ حمل کی صورت میں عدت پیدائش سے ختم ہو جاتی ہے۔
بیوہ اور مطلقہ کی عدت کا موازنہ
بیوہ اور مطلقہ کی عدت میں کئی اہم فرق ہیں۔ ذیل کا جدول ان فرقوں کو واضح کرتا ہے۔
| پہلو | بیوہ (شوہر کا انتقال) | مطلقہ (طلاق) |
| عدت کی وجہ | شوہر کی وفات | طلاق (رجعی یا بائن) |
| عدت کی مدت | 4 ماہ 10 دن | 3 حیض (یا 3 مہینے) |
| حاملہ ہونے کی صورت | بچے کی پیدائش تک | بچے کی پیدائش تک |
| عدت کا مقصد | سوگ + نسب کی حفاظت | نسب کی حفاظت + رجوع کا موقع |
| شوہر سے رجوع | ممکن نہیں | رجعی طلاق میں ممکن |
| نان و نفقہ | عام طور پر نہیں (سوائے کچھ صورتوں کے) | رجعی طلاق میں واجب |
| رہائش | شوہر کے گھر میں رہنا | شوہر کے گھر میں رہنا (رجعی میں) |
| زیب و زینت | مکمل پرہیز | ہلکی زینت کی گنجائش (رجعی میں) |
| نکاح کی اجازت | عدت کے بعد | عدت کے بعد |
خلاص
بیوہ کی عدت اسلامی شریعت کا ایک مقدس اور حکیمانہ حکم ہے۔ اس کی مدت چار مہینے دس دن ہے، جبکہ حمل کی صورت میں پیدائش تک۔ اس دوران احداد، گھر میں قیام اور نکاح سے پرہیز لازمی ہے۔ اگر آپ عدت کی مختلف اقسام کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں توہمارا بلاگ پڑھ سکتے ہیں۔
عدت کی اقسام ، احکام اور مسائل
لیکن یاد رہے، کسی بھی شرعی مسئلے میں کسی مستند عالم سے رہنمائی لینا ہمیشہ بہتر ہے۔
FAQs عمومی سوالات –
بیوہ کی عدت کتنے دن کی ہوتی ہے؟
بیوہ کی عدت چار قمری مہینے اور دس دن کی ہوتی ہے۔ جو کہ تقریباً ۱۳۰ دن بنتے ہیں۔ اگر بیوہ حاملہ ہو تو اس کی عدت بچے کی پیدائش تک ہے۔ چاہے مدت کم ہو یا زیادہ۔
کیا بیوہ کو عدت کے دوران پردہ کرنا ضروری ہے؟
جی ہاں، عدت کے دوران پردہ اور سترپوشی کی پابندی بھی ضروری ہے۔ اگر کوئی غیر محرم ملنے آئے تو مناسب پردے کے ساتھ ملا جا سکتا ہے۔ مگر خلوت اور بے محابا میل جول سے پرہیز کیا جائے۔
کیا بوڑھی عورت پر بھی عدتِ وفات لازم ہوتی ہے؟
جی ہاں، بوڑھی عورت پر بھی عدتِ وفات لازم ہوتی ہے۔ اگر عورت ایسی عمر میں ہو کہ اس کی ماہواری بند ہو چکی ہو (سنِ ایاس)۔ اور اس کا شوہر وفات پا جائے تو اس پر بھی چار ماہ دس دن کی عدت گزارنا ضروری ہے۔ کیونکہ عدت کا تعلق صرف ماہواری سے نہیں بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے۔ اس لیے ہر بیوہ عورت پر عدت لازم ہے، چاہے وہ جوان ہو یا بوڑھی۔
عدت کے دوران زیورات استعمال کرنا کیسا ہے؟
بیوہ پر عدتِ وفات کے دوران سوگ کرنا واجب ہوتا ہے۔ جس کے تحت اسے ہر قسم کی زیب و زینت ترک کرنا ضروری ہے۔ اس دوران عورت کو زیورات جیسے انگوٹھی، چھلے وغیرہ پہننے کی اجازت نہیں ہوتی۔ اگر شوہر کے انتقال کے وقت وہ زیورات پہنے ہوئے ہو تو اسے فوراً اتار دینا چاہیے اور پوری عدت کے دوران انہیں دوبارہ نہیں پہننا چاہیے۔ اس کا مقصد سوگ اور سادگی اختیار کرنا ہے۔ تاکہ عدت کے احکام کی مکمل پابندی ہو سکے۔
تاہم جب عدت مکمل ہو جائے تو عورت کے لیے دوبارہ شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے زیورات پہننا اور زیب و زینت اختیار کرنا جائز ہو جاتا ہے۔
لاعلمی میں عدت کے احکام پر عمل نہ کیا جائے تو اس کا کیا حکم ہے؟
طلاق یا شوہر کی وفات کے ساتھ ہی عورت کی عدت فوراً شروع ہو جاتی ہے۔ چاہے اسے اس وقت طلاق یا وفات کا علم ہو یا نہ ہو۔ اور عدت کا علم ہو یا نہ ہو۔ عدت کا مقررہ وقت مکمل ہونے پر عدت خود بخود ختم بھی ہو جاتی ہے، خواہ اس دوران عدت کے احکام پر مکمل عمل نہ کیا گیا ہو۔
اگر صورت یہ ہو کہ عورت کو طلاق یا وفات کا علم تو تھا لیکن اسے عدت کے شرعی احکام جیسے پابندیاں اور احتیاطوں کا علم نہیں تھا۔ اور اس نے ان پر عمل نہیں کیا تو ایسی حالت میں وہ لاعلمی کی وجہ سے گناہ گار تو نہیں ہوگی۔ لیکن چونکہ اس نے ضروری دینی علم حاصل نہیں کیا اور احکام پر عمل نہیں کیا۔ اس لیے اسے توبہ اور استغفار کرنا چاہیے۔
اور اگر معاملہ یہ ہو کہ پوری عدت کے دوران اسے طلاق یا وفات کا علم ہی نہیں ہوا۔ بعد میں معلوم ہوا، تو ایسی صورت میں وہ گناہ گار نہیں ہوگی۔ البتہ عدت پھر بھی اپنے مقررہ وقت کے مطابق پوری ہو چکی ہوتی ہے اور دوبارہ نہیں کی جاتی۔
اسلامی شریعت میں عدت کی اقسام کیا ہیں؟
شریعت میں عدت کی اقسام درج ذیل ہیں۔
عدتِ طلاق – تین حیض یا تین ماہ
عدتِ وفات – چار ماہ دس دن
عدتِ حمل – بچے کی پیدائش تک
عدتِ خلع – ایک حیض
نابالغ/آئسہ – تین ماہ
عدتِ وفات کی مدت کیا ہے اور اس دوران پردے کا کیا حکم ہے؟
اسلام میں شوہر کی وفات کے بعد عورت پر عدتِ وفات لازم ہوتی ہے۔ جس کی مدت قرآن و حدیث میں واضح بیان کی گئی ہے۔
اگر عورت غیر حاملہ ہو اور اس کے شوہر کا انتقال اسلامی مہینے کی پہلی تاریخ کو ہو۔ تو اس کی عدت چار ماہ اور دس دن ہوگی۔ اور اگر وفات مہینے کی پہلی تاریخ کے علاوہ کسی دن ہو تو عدت کل ۱۳۰ دن شمار کی جائے گی۔
۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے
وَالَّذِیۡنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنۡکُمْ وَیَذَرُوۡنَ اَزْوَاجًا یَّتَرَبَّصْنَ بِاَنۡفُسِہِنَّ اَرْبَعَۃَ اَشْہُرٍ وَّعَشْرًا
اور تم میں جو مریں اور بیبیاں چھوڑیں ، وہ چار مہینے دس دن اپنے آپ کو روکے رہیں۔
سورۃ البقرۃ
کیا عدتِ وفات کے دوران سفید یا کالا لباس پہننا ضروری ہے؟
عدتِ وفات کے دوران سفید یا کالا لباس پہننا شرعی طور پر ضروری نہیں ہے۔ اسلام میں کسی خاص رنگ کی پابندی نہیں کی گئی، بلکہ اصل مقصد سادگی اختیار کرنا اور زیب و زینت سے بچنا ہے۔ اس لیے عورت سادہ اور غیر نمایاں رنگ کے کپڑے پہن سکتی ہے، چاہے وہ سفید ہوں، کالے ہوں یا کسی اور ہلکے رنگ کے ہوں۔
البتہ شوخ، چمکدار یا ایسے کپڑوں سے پرہیز کرنا چاہیے جو زینت اور بناؤ سنگھار میں شمار ہوتے ہوں۔ اس طرح عدت کے تقاضے بھی پورے ہو جاتے ہیں اور شریعت کی حدود کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔
کیا عورت عدت کی حالت میں چھت پر یا قریب مقیم والدین کے گھر جا سکتی ہے؟
عدت کے دوران عورت کا اصل حکم یہ ہے کہ وہ اپنے شوہر کے گھر میں ہی رہے۔ تاہم ضرورت اور شرعی حدود کے ساتھ کچھ گنجائش موجود ہے۔
عورت اپنے گھر کی چھت پر جا سکتی ہے۔ بشرطیکہ وہاں جانے کا راستہ گھر کے اندر سے ہو اور بے پردگی کا کوئی اندیشہ نہ ہو۔ اگر چھت یا صحن کھلا ہو تو یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ نامحرم کی نظر نہ پڑے۔ اسی طرح اگر گھر کا صحن مشترک نہ ہو تو وہاں بھی جانا جائز ہے۔
جہاں تک والدین کے گھر جانے کا تعلق ہے۔ تو بلا ضرورت عدت کے دوران گھر سے نکلنا درست نہیں۔ البتہ اگر کوئی ضروری مجبوری ہو۔ جیسے علاج، شدید ضرورت یا کوئی اور اہم مسئلہ، تو پردے کا مکمل خیال رکھتے ہوئے عارضی طور پر جا سکتی ہے۔ لیکن پھر واپس اپنے عدت والے گھر آنا ضروری ہے۔
عدت کے احکام عورت کی کن حالتوں کے مطابق بدلتے ہیں؟
عدت کے احکام عورت کی مختلف حالتوں کے مطابق بدلتے ہیں، اور ان حالات کی بنیاد پر عدت کی مختلف صورتیں مقرر کی گئی ہیں۔
۱۔ جس پر عدت نہیں – ایسی عورت جس کو نکاح کے بعد مجامعت سے پہلے طلاق دی جائے۔
۲۔ حاملہ عورت – اس کی عدت وضع حمل (بچے کی پیدائش) تک ہوتی ہے۔
۳۔ بیوہ (غیر حاملہ) – اس کی عدت چار ماہ دس دن ہے۔
۴۔ مطلقہ مدخول بہا (حیض والی) – اس کی عدت تین حیض ہے۔
۵۔ آئسہ یا صغیرہ (جنہیں حیض نہ آتا ہو) – ان کی عدت تین ماہ ہے۔
۶۔ حیض بند ہونے والی مشکوک عورت – اس کی عدت ایک سال (9 ماہ + 3 ماہ) ہے۔
۷۔ مفقود الخبر شوہر کی بیوی – چار سال انتظار + چار ماہ دس دن عدت وفات۔
۸۔ خلع لینے والی عورت – اس کی عدت ایک حیض ہے۔
۹۔ زنا کی وجہ سے حاملہ عورت – اگر حاملہ ہو تو وضع حمل، ورنہ ایک حیض۔