بیوہ کے ساتھ نکاح أفضل ہے یا کنواری سے - اسلامی اور معاشرتی نقطہ نظر

بیوہ کے ساتھ نکاح ایک ایسا موضوع ہے جس پر ہمارے معاشرے میں مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ مگر اکثر یہ آرا جذبات، روایات یا سماجی دباؤ کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔ نہ کہ حقیقی اسلامی رہنمائی پر۔
حقیقت یہ ہے کہ نکاح اسلام میں ایک مقدس رشتہ ہے جس کا بنیادی مقصد سکون، تحفظ اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔ لیکن جب بات بیوہ عورت یا کنواری عورت سے نکاح کی آتی ہے تو بہت سے لوگوں کے ذہن میں غیر ضروری ترجیحات اور موازنہ پیدا ہو جاتا ہے۔
سوچیں ذرا، ایک عورت جو زندگی کے سب سے بڑے صدمے سے گزری ہ۔، شوہر کھو چکی ہو۔ بچے ہوں یا نہ بھی ہوں۔ وہ اگر دوبارہ زندگی شروع کرنا چاہے تو پورا سماج اس پر انگلیاں اٹھاتا ہے۔ یہ ہمارے معاشرے کی تلخ سچائی ہے۔
کیا اسلام میں بیوہ عورت سے شادی کو کم تر سمجھا گیا ہے؟ یا پھر یہ صرف ایک معاشرتی غلط فہمی ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آ رہی ہے؟ یہ سوال نہ صرف فقہی زاویے سے اہم ہے بلکہ سماجی رویوں کو سمجھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔ کیونکہ کسی بھی معاشرے کی پختگی اس بات سے جانی جاتی ہے کہ وہ کمزور طبقات، خصوصاً بیوہ عورت کو کس نظر سے دیکھتا ہے۔
بیوہ کے ساتھ نکاح — دینی اور عملی جائزہ
یہ تاریخی حقیقت ہے کہ نبی کریم ﷺ کی تمام ازواجِ مطہرات میں سے صرف حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کنواری تھیں۔ باقی تمام امہاتُ المؤمنین، حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سمیت، پہلے نکاح کر چکی تھیں، بیوہ یا مطلقہ تھیں۔
یعنی رسول اللہ ﷺ نے خود اپنی زندگی میں یہ پیغام دیا کہ بیوہ عورت نکاح کے لیے کم قابل نہیں۔ بلکہ ان کا حق اور مقام بالکل اسی طرح ہے جیسے کسی بھی مسلمان عورت کا۔ یہ بات صرف رسمی نہیں۔ بلکہ اس میں ایک گہرا اجتماعی پیغام ہے۔
اس دور میں عرب معاشرے میں بیوہ عورت کو دوبارہ نکاح کا حق نہیں دیا جاتا تھا۔ قرآن کریم نے اس رسم کو توڑا اور صاف حکم دیا۔
اور جب وہ اپنی عدت پوری کر لیں تو جو معروف طریقے سے اپنے لیے کریں، اس میں تم پر کوئی گناہ نہیں۔ سورہ البقرہ
اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام نے بیوہ عورت کو عزت، اختیار اور دوبارہ نکاح کا مکمل حق دیا ہے۔ یعنی عدت مکمل ہونے کے بعد اگر وہ اپنی مرضی سے نکاح کرنا چاہے تو معاشرے یا خاندان کو اسے روکنے کا حق نہیں۔ اسلام نے بیوہ عورت کو بوجھ نہیں بلکہ ایک مکمل باعزت انسان کے طور پر دیکھا ہے۔
بیوہ سے نکاح کی فضیلت
اسلام میں بیوہ سے نکاح کی فضیلت صرف ایک سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک باعزت، رحمت بھرا اور اجر والا عمل بھی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی زندگی اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ آپ ﷺ نے حضرت خدیجہؓ سمیت کئی ایسی خواتین سے نکاح فرمایا جو پہلے شادی شدہ تھیں۔ یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ اسلام میں عورت کی عزت اور مقام اس کی ازدواجی حیثیت سے کم نہیں ہوتا۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔
بیوہ عورت اور محتاج (مسکین) کی مدد کے لیے تگ و دو (کوشش) کرنے والا اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے کی طرح ہے۔ یا اس شخص کی طرح ہے جو رات کو (نوافل) قیام کرتا ہے اور دن کو روزہ رکھتا ہے۔
صحیح بخاری
یہ حدیث اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ اسلام صرف عبادات ہی نہیں بلکہ انسانوں کے ساتھ ہمدردی، تعاون اور ذمہ داری کو بھی بڑی نیکی قرار دیتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ بہت سی بیوہ عورتیں زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہی ہوتی ہیں۔ بعض کو بچوں کی پرورش کی فکر ہوتی ہے۔ کچھ معاشی دباؤ کا سامنا کر رہی ہوتی ہیں۔ جبکہ کئی خواتین جذباتی تنہائی میں زندگی گزار رہی ہوتی ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی شخص عزت، اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ ان کا سہارا بنتا ہے۔ تو یہ صرف ایک نکاح نہیں بلکہ ایک ٹوٹی ہوئی زندگی کو دوبارہ سنبھالنے کا عمل بھی بن جاتا ہے۔
یہ بھی سمجھنا ضروری ہے کہ بیوہ یا طلاق یافتہ سے شادی کرنا اس پر کوئی احسان نہیں۔ اسلام نے اسے عورت کا جائز اور اصولی حق قرار دیا ہے۔ ایک محفوظ گھر، عزت بھرا تعلق اور بچوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنا دراصل ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔
بیوہ کے ساتھ نکاح کی ایک بڑی فضیلت یہ بھی ہے کہ یہ معاشرے میں رحم، تحفظ، خاندانی استحکام اور مثبت سوچ کو فروغ دیتا ہے۔ اسلام انسان کو آسانی دینے، سہارا بننے اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے، اسی لیے بیوہ عورت کے نکاح کو ہمیشہ مثبت اور باوقار نظر سے دیکھا گیا ہے۔
بیوہ کے ساتھ نکاح افضل ہے یا کنواری سے
| پہلو | بیوہ عورت | کنواری لڑکی |
| تجربہ | وہ زندگی کا عملی تجربہ رکھتی ہیں۔ | وہ زندگی کے تجربات میں نسبتاً نئی ہوتی ہیں۔ |
| جذباتی پختگی | ان کا مزاج زیادہ متوازن اور سنجیدہ ہوتا ہے۔ | وہ جذباتی طور پر زیادہ حساس اور نرم ہوتی ہیں۔ |
| ذمہ داری | ان میں ذمہ داری کا احساس زیادہ ہوتا ہے۔ | وہ ابھی ذمہ داریاں سیکھنے کے مرحلے میں ہوتی ہیں۔ |
| سماجی مشکلات | انہیں کچھ سماجی دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے۔ | انہیں سماجی طور پر نسبتاً کم مشنلات کا سامنا ہوتا ہے۔ |
| شریعت کی نظر | اسلام میں دونوں کی حیثیت مکمل برابر ہے۔ | اسلام میں دونوں کی حیثیت مکمل برابر ہے۔ |
اگر اسلامی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو بیوہ عورت اور کنواری لڑکی، دونوں کی عزت اور حیثیت برابر ہے۔ یہ دراصل شخصی اور سماجی حالات پر موقوف ہے۔ اسلام نے نکاح کے لیے اصل ترجیح کردار، دین داری، اخلاق اور باہمی سمجھ بوجھ کو دی ہے، نہ کہ صرف پہلے سے شادی شدہ ہونے یا نہ ہونے کو۔
حضرت جابر رضی اللہ عنہ کا واقعہ مشہور ہے۔ جب انہوں نے ایک ثیبہ یعنی مطلقہ / بیوہ خاتون سے نکاح کیا تو نبی ﷺ نے پوچھا۔
تم نے کنواری سے نکاح کیوں نہیں کی۔ تاکہ تم اس سے اور وہ تم سے دل لگی کرتے ؟
حضرت جابر نے کہا۔
یا رسول اللہ۔ میرے گھر میں چھوٹی بہنیں ہیں جن کو تجربہ کار عورت کی ضرورت ہے۔
آپ ﷺ نے یہ سن کر ان کے فیصلے کو سراہا۔
یعنی نبی کریم ﷺ نے کنواری سے نکاح پر اصرار نہیں کیا۔ بلکہ حالات اور ضرورت کو اہمیت دی۔
اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ کس سے شادی کرنا افضل ہے۔ ہر انسان کی شخصیت، حالات اور ضرورت مختلف ہوتی ہے۔ کامیاب نکاح وہی ہوتا ہے جس میں احترام، ذہنی ہم آہنگی اور ذمہ داری موجود ہو۔
بیوہ کے نکاح کا حکم کیا ہے؟
اسلامی فقہ کے مطابق
۱۔ بیوہ کا نکاح مکمل طور پر جائز ہے
۲۔ عدت پوری ہونے کے بعد وہ آزاد ہے
۳۔ اس کی رضا بنیادی شرط ہے
یہاں ایک اہم بات یاد رکھیں۔ بیوہ کے نکاح کا حکم اور اس کی آزادی اسلام میں بالکل واضح ہے، لیکن معاشرتی غلط فہمیاں اکثر مسائل پیدا کرتی ہیں۔
بیوہ کے نکاح سے متعلق معاشرتی رویہ اور تصورات
ہمارے معاشرے میں آج بھی بیوہ عورت اور وہ مرد جو اپنے شریکِ حیات کو کھو چکے ہوں۔ دوسری شادی کے معاملے میں غیر ضروری دباؤ، تنقید اور سماجی فیصلوں کا سامنا کرتے ہیں۔ حالانکہ اسلام نے نکاحِ ثانی کو ایک فطری، جائز اور باعزت حق قرار دیا ہے۔ مگر ہمارے سماجی رویے اکثر اس تعلیم کے برعکس نظر آتے ہیں۔
خاص طور پر بیوہ عورت کے لیے صورتحال مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے۔ اگر وہ کم عمر ہو تو لوگ کہتے ہیں "اپنے بچوں پر توجہ دو”، اور اگر عمر زیادہ ہو تو کہا جاتا ہے "اب اس عمر میں نکاح کی کیا ضرورت؟” یعنی ہر صورت میں اس کے فیصلے کو سوالیہ نشان بنا دیا جاتا ہے۔ اور اس کا دوسری شادی کا خواب معاشرتی دباؤ اور روایتی سوچ کے نیچے دب جاتا ہے۔
بعض گھرانوں میں تو بیوہ عورت کے دوبارہ نکاح کا ذکر بھی غیر ضروری سمجھا جاتا ہے۔ جیسے اس کی اپنی خوشی، جذبات اور مستقبل کے بارے میں سوچنے کا حق ہی ختم ہو گیا ہو۔ یہی وہ سوچ ہے جو اسلام کے بنیادی اصولوں سے دور ہے۔
اسی طرح طلاق یافتہ سے شادی کو بھی اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ حالانکہ اسلام میں ان کے حقوق واضح اور محفوظ ہیں۔
یہ مسئلہ صرف عورتوں تک محدود نہیں۔ ایسے مرد جو رنڈوے یا طلاق یافتہ ہوتے ہیں۔ انہیں بھی بعض اوقات سماجی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر وہ دوبارہ شادی کریں تو کچھ لوگ اسے غلط رنگ دیتے ہیں۔ حالانکہ جذباتی سہارا اور نئی زندگی کا آغاز ایک فطری انسانی ضرورت ہے۔
اصل مسئلہ یہاں مذہب نہیں بلکہ معاشرتی سوچ ہے۔ ہم ایک طرف دین کو مانتے ہیں لیکن دوسری طرف "لوگ کیا کہیں گے” جیسے خیالات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
جاہلیت کے دور میں بھی کچھ رسمیں تھیں جن میں بیوہ عورت کو دوبارہ شادی سے روکا جاتا تھا۔ تاکہ اس کے شوہر کی وراثت یا مال باہر نہ جائے۔ اسلام نے ان تمام غیر منصفانہ روایات کو ختم کیا۔ اور واضح کیا کہ شوہر کی وراثت میں بیوی کا حصہ ایک طے شدہ اور محفوظ حق ہے۔ لیکن افسوس کہ کچھ رویے آج بھی کہیں نہ کہیں باقی ہیں۔
بیوہ کے نکاح سے متعلق اعداد و شمار اور تحقیقی شواہد
مختلف سماجی رپورٹس کے مطابق جنوبی ایشیا میں تقریباً ۴۰ فیصد سے زائد بیوہ خواتین کو دوبارہ شادی کے مواقع محدود ملتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جن خواتین کو یہ موقع ملا، ان میں سے تقریباً ۷۰ فیصد نے بہتر جذباتی استحکام اور زندگی میں بہتری محسوس کی۔
پاکستان میں نادرا کے اعداد و شمار بھی اسی حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ مختلف رپورٹس کے مطابق ملک میں لاکھوں بیوہ خواتین موجود ہیں، جن میں بڑی تعداد ۳۰ سے ۴۵ سال کے درمیان ہے۔ اسی طرح ۶۰ سال سے زائد عمر کی خواتین میں بیوگی کی شرح بھی نمایاں ہے۔
اس کے باوجود، جب کسی بیوہ کے نکاحِ ثانی کی بات آتی ہے تو معاشرہ اکثر غیر ضروری ردعمل دیتا ہے۔
یو این وومین کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا میں بیوہ خواتین کو نکاح ثانی میں شدید مشکلات اور سماجی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حتیٰ کہ مسلم اکثریتی علاقوں میں بھی ثقافتی رکاوٹیں موجود ہیں۔
اسی طرح گیلپ پاکستان کے ایک سروے کے مطابق
۳۹ فیصد افراد دوسری شادی کو صرف اس صورت میں درست سمجھتے ہیں جب بچے نہ ہوں۔
جبکہ، ۱۸ فیصد افراد دوسری شادی کو سرے سے قبول ہی نہیں کرتے۔
اسی طرح مختلف یونیورسٹی ریسرچز، جیسے تھل یونیورسٹی بھکر کی ایک تحقیق، یہ ظاہر کرتی ہیں کہ بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کو سماجی بائیکاٹ، عزتِ نفس پر چوٹ، منفی رویوں، حقوق کے استحصال اور کردار کشی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے ایک ایسے عمل کو مشکل بنا دیا ہے جسے اسلام نے آسان رکھا ہے۔ بیوہ کے ساتھ نکاح یا نکاحِ ثانی کوئی کمزوری نہیں بلکہ ایک نئی زندگی، امید اور استحکام کی طرف قدم ہے۔
خلاصہ
اگر ہم اسلامی تعلیمات کو صحیح طور پر سمجھیں تو واضح ہوتا ہے کہ بیوہ عورت سے نکاح یا نکاحِ ثانی کوئی سماجی مسئلہ نہیں بلکہ ایک فطری، انسانی اور شرعی حق ہے۔ اصل رکاوٹ دین نہیں بلکہ ہماری معاشرتی سوچ اور رسم و رواج ہیں۔
اسلام میں بیوہ کو مکمل آزادی حاصل ہے کہ عدت پوری ہونے کے بعد وہ اپنی زندگی کا فیصلہ خود کرے۔ یہ حق کسی پر احسان نہیں بلکہ اس کا بنیادی حق ہے۔ اسی طرح بیوہ کے حقوق، جیسے حق مہر اور وراثت، مکمل طور پر محفوظ رہتے ہیں۔
بیوہ کے ساتھ نکاح اسلام میں نہ صرف جائز ہے بلکہ نبی کریم ﷺ کی سنت بھی ہے۔ اس میں کوئی عیب یا کمی نہیں۔ یہ ایک باعزت اور اجر والا عمل ہے اگر نیت درست ہو۔
آخر میں یہی بات سمجھ آتی ہے کہ کنواری اور بیوہ میں کوئی برتری یا مقابلہ نہیں۔ ہر نکاح اپنی جگہ مقدس ہے۔ اصل اہمیت نیت، حالات اور ذمہ داری کی ہے، نہ کہ سماجی فرق کی۔
عمومی سوالات
بیوہ عورت سے چھپ کر نکاح کرنا کیسا ہے؟
اسلام میں نکاح ایک واضح اور اعلان شدہ رشتہ ہے۔ اس لیے بیوہ عورت سے چھپ کر نکاح کرنا یا کسی بھی صورت میں خفیہ نکاح کرنا شرعاً درست نہیں سمجھا جاتا۔ چاہے نیت کتنی ہی اچھی کیوں نہ ہو۔ یا مقصد ایک بیوہ عورت کو معاشرتی تنقید سے بچانا ہی کیوں نہ ہو۔ چھپ کر نکاح کرنا کسی صورت درست عمل نہیں۔ نکاح میں گواہوں کی موجودگی اور اعلان ضروری ہے تاکہ رشتہ شفاف اور مضبوط رہے۔
نبی کریم ﷺ نے بھی نکاح کے اعلان کی تاکید فرمائی ہے۔ خفیہ نکاح بعد میں کئی مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ اس لیے نکاح ہمیشہ واضح، باعزت اور کھلے طور پر ہونا چاہیے۔
بیوہ سے نکاح کی فضیلت کیا ہے؟
بیوہ سے نکاح کی فضیلت اس حدیث میں واضح ہے کہ بیوہ اور یتیم کی کفالت کرنے والا اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے کے برابر ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سنت بھی یہی ہے۔ آپ کی اکثر ازواج بیوہ تھیں۔ اس لیے یہ نہ صرف جائز بلکہ باعثِ اجر عمل ہے۔
اسلام میں بیوہ کے نکاح کا حکم کیا ہے؟
بیوہ کے نکاح کا حکم یہ ہے کہ عدت گزرنے کے بعد اس کا نکاح بالکل جائز بلکہ مستحسن ہے۔ قرآن و حدیث دونوں میں اس کی صراحت موجود ہے۔ بیوہ کو زبردستی روکنا جاہلانہ رسم ہے۔ جسے اسلام نے ختم کیا۔
کیا بیوہ کا بغیر ولی کے نکاح ہو سکتا ہے؟
بیوہ عورت اگر عاقلہ بالغہ ہو تو جمہور فقہاء کے نزدیک وہ خود نکاح کر سکتی ہے۔ تاہم احناف کے مطابق ولی کی اجازت مستحب ہے۔ کنواری لڑکی کے برعکس بیوہ کو زیادہ اختیار حاصل ہے۔ شافعی مذہب میں ولی کی موجودگی ضروری ہے۔ بہتر یہی ہے کہ اہلِ خانہ کو اعتماد میں لے کر نکاح کیا جائے۔
بیوہ حاملہ کے نکاح کا حکم کیا ہے؟
اسلام میں بیوہ حاملہ کے نکاح کا حکم یہ ہے کہ جب تک بچہ پیدا نہ ہو جائے، اس وقت تک نکاح درست نہیں۔ بچے کی پیدائش ہی اس کی عدت کا خاتمہ ہے۔ اس کے بعد نکاح جائز ہو جاتا ہے۔
بیوہ عورت کا بعد از عدت نکاح کرنا کیسا ہے؟
عدت پوری ہونے کے بعد بیوہ کا نکاح کرنا نہ صرف جائز بلکہ اسلام کی نظر میں پسندیدہ عمل ہے۔ بلا وجہ روکنا یا معاشرتی دباؤ ڈالنا خلافِ اسلام ہے۔ وہ اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرنے کی مکمل حقدار ہے۔
بیوہ کی عدت کتنی ہے؟
ایک بیوہ کی عدت ۴ ماہ ۱۰ دن ہے۔ بشرطیکہ وہ حاملہ نہ ہو۔ اگر وہ حاملہ ہو تو عدت بچے کی پیدائش تک ہے۔ عدت کے دوران وہ گھر میں رہے، زیب و زینت سے بچے، اور سوگ منائے۔ عدت ختم ہوتے ہی وہ نکاح کر سکتی ہے۔
بیوہ کا نکاح ثانی کب اور کیسے ہو؟
بیوہ کا نکاح ثانی عدت پوری ہونے کے بعد ہو سکتا ہے۔ غیر حاملہ کے لیےعدت چار ماہ دس دن ہے۔ اس کے بعد وہ آزاد ہے۔ کسی کی اجازت لازمی نہیں۔ نکاح کا طریقہ وہی ہے جو پہلی بار تھا۔ ایجاب، قبول، حق مہر اور گواہ۔
کیا بیوی کی موجودگی میں بیوہ سالی سے نکاح کرنا جائز ہے؟
اسلامی شریعت میں ایک بہت واضح اصول ہے کہ ایک مرد کے لیے اپنی بیوی کے ساتھ اس کی سگی بہن یعنی اپنی سالی کو ایک وقت میں نکاح میں رکھنا جائز نہیں۔ چاہے وہ سالی کنواری ہو، طلاق یافتہ ہو یا بیوہ۔ اس حکم کی حیثیت تبدیل نہیں ہوتی۔
یعنی اگر ایک شخص پہلے سے اپنی بیوی کے نکاح میں ہے تو اس دوران اس کی بہن سے نکاح کرنا حرامِ قطعی ہے۔ یہ حکم قرآن و حدیث کی واضح تعلیمات اور فقہی اجماع سے ثابت ہے۔
البتہ اگر پہلی بیوی کو طلاق دے دی جائے یا اس کا انتقال ہو جائے اور عدت پوری ہو جائے، تو پھر سالی سے نکاح کرنا جائز ہو جاتا ہے۔
بیوہ کے ساتھ نکاح کب جائز نہیں ہوتا؟
ویسے تو بیوہ سے نکاح اسلام میں مکمل طور پر جائز ہے، لیکن کچھ شرعی حدود ایسی ہیں جن میں نکاح منع ہو جاتا ہے۔
جب عورت عدت میں ہو۔
اگر وہ محرم رشتے کی حد میں آتی ہو۔
اگر نکاح زبردستی یا بغیر رضا مندی کے ہو۔
اسلام میں نکاح کی بنیاد ہمیشہ رضا، عدت کی پابندی اور شرعی حدود پر ہوتی ہے۔