عدت کی اقسام ، احکام اور مسائل

زندگی کے سفر میں بعض اوقات ایسے موڑ آ جاتے ہیں۔ جہاں انسان کو ٹھہر کر سوچنے، خود کو سنبھالنے اور آئندہ کا لائحۂ عمل طے کرنے کے لیے مہلت درکار ہوتی ہے۔ خاص طور پر جب زندگی کا ساتھی بچھڑ جائے۔ تو وقت جیسے تھم سا جاتا ہے۔ اس کٹھن مرحلے میں، مرد ہو یا عورت، انسان کو اپنی اور اپنے وابستہ لوگوں کی خاطر دوبارہ زندگی کی طرف لوٹنا پڑتا ہے۔ خود کو مضبوط بنا کر حالات اور آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اسلامی شریعت نے ایسے ہی نازک اوقات کے لیے نکاح اور طلاق سے متعلق بعض احکامات مقرر کیے ہیں۔ جن کا مقصد خاندان، نسب اور معاشرتی نظم کا تحفظ ہے۔ عدت انہی احکامات میں سے ایک اہم حکم ہے۔ جو انسان کو ذہنی اور جسمانی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

تاہم بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں مطلقہ کی عدت سے متعلق غلط فہمیاں خواتین کے لیے غیر ضروری دباؤ اور مشکلات کا باعث بنتی ہیں۔ حالانکہ عدت دراصل سہولت، حکمت اور تحفظ پر مبنی ایک رحمت ہے۔ اور شریعت میں بیان کردہ عدت کی اقسام اور مسائل اسی حکمت کو مزید واضح اور نمایاں کرتے ہیں

عدت کسے کہتے ہیں؟

لغوی اعتبار سے عدت کا لفظ ’عد‘ سے نکلا ہے، جس کے معنی ہیں گننا یا شمار کرنا۔ شریعت کی اصطلاح میں عدت سے مراد وہ مقررہ دورانیہ ہے جو عورت کو شوہر کی وفات، خلع لینے، طلاق یا تنسیخِ نکاح کے بعد گزارنا ہوتا ہے، جس کے دوران اسے شریعت کی جانب سے عائد کردہ حدود و احکامات کا لحاظ رکھنا لازم ہے۔

قرآنِ کریم میں اس کا واضح حکم سورۂ بقرہ میں یوں بیان کیا گیا ہے۔

وَالْمُطَلَّقَاتُ يَتَرَبَّصْنَ بِأَنفُسِهِنَّ ثَلَاثَةَ قُرُوءٍ

اور طلاق یافتہ عورتیں تین حیض تک اپنے آپ کو روکے رکھیں۔

یعنی، عدت اس مخصوص مدت کو کہتے ہیں۔ جس میں عورت پر شریعت کی طرف سے بعض پابندیاں عائد ہوتی ہیں۔ جیسے نیا نکاح نہ کرنا اور بعض صورتوں میں ایک متعین جگہ پر قیام کرنا۔ عدت کا بنیادی مقصد نسب کی حفاظت، سابق نکاح کے احترام اور عورت کو نفسیاتی و جذباتی طور پر سنبھلنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ عدت کا حکم چونکہ قرآن و سنت سے ثابت ہے۔ لہذا یہ محض کوئی سماجی رسم نہیں۔ بلکہ ایک باقاعدہ شرعی فریضہ ہے۔

عدت کی حکمت

شریعت میں جب کسی چیز کا حکم دیا جاتا ہے تو اس میں اللہ تعالیٰ کی کوئی نہ کوئی حکمت ضرورپنہاں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ سماجی و معاشرتی فوائد و مصالح بھی ہوتے ہیں۔ خواہ ہمیں ان کا ادراک ہو یا نہ ہو۔

استبرائے رحم اور نسل کی شناخت

عدت کی حکمت دراصل یہ ہے کہ عورت کے رحم میں حمل کی صورت حال واضح ہو جائے۔ تا کہ نسب کا ثبوت ممکن ہو۔ اوراس میں کوئی شبہ یا اختلاط نہ ہو۔ اور دوسرا، اگر عدت گزارنے والی عورت حاملہ ہے تو اس کے حمل کے حق میں حفاظت بھی ہے۔ یعنی عدت اس لئے بھی ضروری ہے۔ کہ عورت کا رحم اپنے پرانے شوہر کے نطفے اور بصمات سے پاک صاف ہو کردوسرے بصمات کے لئے تیار ہو۔

نکاح کی عظمت

عدت نکاح کی حرمت اور عزت کی حفاظت کا ایک ذریعہ ہے۔ ایک عورت اس عقد سے جڑنے کے بعد بلا فصل اور بلا عدت اپنے شوہر کی زوجیت سے علیحدگی اختیار نہیں کر سکتی۔ عدت دونوں کو رجوع کا موقع فراہم کرتی ہے۔ گویا اس میں طرفین کے لیے مصلحت ہے۔

اظہار تأسف وملال

عدت کی اقسام

خواتین کی عدّت کے متعدد فلسفے اور مسائل ہیں۔ لہذا ان تمام موارد میں جہاں شریعت نے حکم دیا ہے۔ خواتین کے لئےعدت لازم ہے۔ اگرچہ وہ بانجھ ہی کیوں نہ ہو۔ اس نےاپنا رحم نکلوا دیا ہو۔ یا اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر رکھی ہو۔ ان تمام صورتوں میں عدت لازم ہے۔ عدت کی اقسام درج ذیل ہیں۔

طلاق کی عدت

نکاح کے بعد رخصتی یا خلوتِ صحیحہ ہوچکی ہو تو طلاق کے بعد عدت مکمل تین ماہواریاں یا حیض گزرنا ہے۔ بشرطیکہ عدت گزارنے والی خاتون حاملہ نہ ہو۔ سورہ بقرہ میں ارشاد باری تعالی ہے۔

وَالْمُطَلَّقَاتُ يَتَرَبَّصْنَ بِأَنفُسِهِنَّ ثَلَاثَةَ قُرُوءٍ

طلاق یافتہ عورتیں تین حیض تک اپنے آپ کو روکے رکھیں۔

بالفرض عورت حاملہ ہے تو اس کی عدت وضع حمل یعنی بچے کی پیدائش تک ہوگی۔ اگر نکاح کے بعد رخصتی یا خل وتِ صحیحہ نہ ہوئی ہو تو طلاق کے بعد عدت نہیں ہے۔ سورہ الطالق میں بیان ہوا ہے۔

وَأُولَاتُ الْأَحْمَالِ أَجَلُهُنَّ أَن يَضَعْنَ حَمْلَهُنَّ

اور حاملہ عورتوں کی عدت ان کا بچہ جن دینا ہے۔

اگر نکاح کے بعد نہ رخصتی ہوئی ہو اور نہ خلوتِ صحیحہ، اور شوہر طلاق دے دے۔ تو ایسی عورت پر کوئی عدت لازم نہیں۔ سورہ احزاب میں اللہ نے ارشاد فرمایا۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا نَكَحْتُمُ الْمُؤْمِنَاتِ ثُمَّ طَلَّقْتُمُوهُنَّ مِن قَبْلِ أَن تَمَسُّوهُنَّ فَمَا لَكُمْ عَلَيْهِنَّ مِنْ عِدَّةٍ تَعْتَدُّونَهَا

اے ایمان والو! جب تم مومن عورتوں سے نکاح کرو، پھر انہیں ہاتھ لگانے سے پہلے طلاق دے دو، تو ان پر تمہاری کوئی عدت لازم نہیں جسے تم شمار کرو۔

حائضہ کی عدت

جو عورت اپنے شوہر سے مجامعت کرے۔ اور اسے ماہواری آتی ہو۔ اسے طلاق ہو جائے تو اس کی عدت تین قروء ہے۔ یعنی تین حیض تک اس کی عدت ہے۔

آئسہ کی عدت

اس سے مراد وہ عورتیں ہیں جو اس عمر کو پہنچ جائیں کہ انہیں حیض آنا بند ہو چکا ہو۔ ان کی عدت بھی تین ماہ ہے۔ ان کی عدت اسی روز سے شمار ہو گی۔ جب انہیں طلاق دی گئی۔ یہی حکم ان عورتوں کے لئے بھی ہے جنہیں ابھی حیض نہ آیا ہو۔ اور کم سن ہوں۔

یاد رہے عدت کا سوال اس معاملے میں پیدا ہوتا ہے جب شوہر خلوت کر چکا ہو۔ خلوت نہ ہوئی ہو تو طلاق کے بعد کوئی عدت نہیں۔

وہ عورتیں جن کے حیض میں بے قاعدگی ہو۔ ان کے بارے میں فقہاء کے درمیان اختلاف ہے۔ کچھ کا کہنا ہے کہ ایسی عورت جسے دو ماہ حیض آیا۔ لیکن اس کے بعد بند ہو گیا۔ تو ایسی عورت نو مہینے انتظار کرے۔

اگر حمل ظاہر ہو جائے تو ٹھیک ورنہ نو مہینے گزرنے کے بعد وہ م زید تین ماہ عدت میں گزارے۔ اس کے بعد ہی وہ کسی دوسرے شخص سے نکاح کر سکتی ہے۔ اور نو ماہ تب سے شمار ہوں گے جب اسے آخری بار حیض آیا تھا۔ جبکہ کچھ فقہاء کا کہنا ہے کہ جس عورت کو سال بھر حیض نہ آیا ہو اس کی عدت تین ماہ ہے۔

شوہراور بیوی دونوں اگر نابالغ ہیں۔ اور شوہر کی وفات ہو جائے تو اس صورت میں بھی عدت چار ماہ دس دن ہوگی۔

عدت وفات

عدت کی اقسام میں ایک نہایت اہم جس کے بارے جاننا بہت ضروری ہے۔ وہ ہےوفات کی عدت۔ اس کے مسائل اور احکام کا جاننا سب کے لئے نہایت ضروری ہے۔ عدت وفات کے کل دن ایک سو تیس ہیں۔ یعنی چار ہجری مہینے اور دس دن۔ سورہ بقرہ میں ارشاد ہوا ہے۔

وَالَّذِیْنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَ یَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا یَّتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِهِنَّ اَرْبَعَةَ اَشْهُرٍ وَّ عَشْرًاۚ-فَاِذَا بَلَغْنَ اَجَلَهُنَّ فَلَا جُنَاحَ عَلَیْكُمْ فِیْمَا فَعَلْنَ فِیْۤ اَنْفُسِهِنَّ بِالْمَعْرُوْفِؕ-وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِیْرٌ

اور تم میں جو وفات پا جائیں اور بیویاں چھوڑیں۔ وہ چار مہینے دس دن اپنے آپ کو روکے رہیں۔ تو جب ان کی عدت پوری ہوجائے تو اے والیو تم پر مُواخذہ نہیں۔ اس کام میں جو عورتیں اپنے معاملہ میں موافق شرع کریں۔ اور اللہ کو تمہارے کاموں کی خبر ہے۔

یاد رہے کہ یہ عدت غیرحاملہ عورت کی ہے۔

عدت حمل

عورت اگر حاملہ ہے تو اس کی عدت خواہ طلاق کی وجہ سے ہو یا شوہر کی وفات کے سبب، وضع حمل تک ہے۔ خواہ خاوند کی وفات کے چند لمحوں بعد ہی بچہ پیدا ہوجائے۔ یعنی بچہ کی پیدائش کے ساتھ ہی عورت عدت سے فارغ ہو جائے گی۔

یہاں تک کہ اگر کسی شوہر نے اپنی بیوی کو طلاق رجعی دے دی۔ اور پھر رجوع نہیں کیا۔ اس دوران شوہر کا انتقال ہو جائے۔ تب بھی عورت کی عدت بچے کی پیدائش تک ہو گی۔ سورہ الطلاق میں ارشاد ہوا ہے۔

وَأُولَاتُ الْأَحْمَالِ أَجَلُهُنَّ أَنْ يَضَعْنَ حَمْلَهُنَّ

اور جو حمل والی ہیں ان کی عدت یہ ہے کہ وہ اپنا حمل وضع کردیں۔

اسقاط حمل کی عدت

حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے ابراہیم سے سوال کیا۔ اگر نامکمل بچہ پیدا ہو جائے، تو کیا عدت پوری ہوگی؟

ابراہیمؓ نے فرمایا، ہاں عدت مکمل ہو جائے گی۔

اسی طرح اگر حمل ساقط ہو جائے تو عدت اسی وقت ختم ہو جاتی ہے۔

خلع کی عدت

عدت کی اقسام میں خلع کی عدت کے بارے میں جاننا بھی ضروری ہ ے۔ اس میں علماء کے دو قول ہیں۔ کچھ علماء کا کہنا ہے کہ خلع لینے والی عورت کی عدت ایک حیض ہے۔ کیونکہ اس سے براءت رحم ہو جاتی ہے۔

حضرت ربیع بنت معوذ رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ جب انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں اپنے شوہر سے خلع لی۔ چنانچہ مسئلہ دریافت کرنے پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا۔ کہ ایک حیض آنے تک عدت گزارو۔

جبکہ کچھ علماء کا قول ہے کہ خلع کی عدت بھی وہی ہے جو طلاق کی ہے۔ یعنی تین حیض۔

عدت شبہہ

وطی بہ شبہ یعنی کسی عورت کی عدت کے دوران اس کے ساتھ اس گمان سے نکاح اور مجامعت کی جائے کہ ایسی شادی حلال اور صحیح ہے۔ مجتہدین کے مطابق یہ عمل زنا کی طرح حرام تو نہیں۔ لیکن ایسا کرنے پرعورت کو مہر المثل کی ادائیگی ہو گی۔ اور عورت پرعدت واجب ہو جاتی ہے۔

وطی شبہہ کی عدت کی شروعات کا وہی وقت ہے۔ جس وقت اسے وطی شبہہ کا علم ہو جائے۔ معلوم ہونے کے بعد دونوں کے لئے لازم ہے کہ الگ ہوجائیں گے۔ کیونکہ وہ عورت اس کے لئے نا محرم ہو چکی ہے۔ عورت کی عدت ختم ہو جانے کے بعد وہ دوبارہ شادی کر سکتے ہیں۔

وطی بہ شبہ کی عدت بھی طلاق کی عدت کے برابر ہے۔ یعنی تین بار حیض کا دورانیہ گزر جائے۔

عدت مسیار

نکاحِ مسیار جسے زواجِ مسیار یا متعہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایسا نکاح ہے جس میں مرد حالتِ سفر یا ملازمت کے لیے کسی دوسرے ملک میں جائے۔ اسے وہاں اپنی طبعی خواہش پوری کرنے کی حاجت ہو۔ اور وہ کسی عورت سے اس نیت سے نکاح کرلے۔ کہ جب یہاں سے واپس جاؤں گا تو طلاق دے دوں گا۔

اس نکاح میں عورت نان نفقہ اور ساتھ رہنے کے حق وغیرہ سے دست بردار ہوجاتی ہے۔ لہذا بیوی اپنے میکے میں رہتی ہے۔ اورشوہر کو جب موقع ملتا ہے وہ بیوی سے اس کے میکے میں یا کچھ وقت کے لیے کسی دوسری جگہ لے جا کر اپنا طبعی تقاضہ پورا کرتا ہے۔ اس عمل کو جواز کا جامہ پہنانے کےلیے ظاہری طور پر نکاح کی شرائط و ارکان یعنی ایجاب وقبول، گواہ اور حق مہر وغیرہ کا لحاظ رکھا جاتا ہے۔

اگرچہ یہ نکاح عرب ممالک میں عام ہے۔ لیکن اس کے بارے میں حک م ہے کہ یہ جائز نہیں۔ کیونکہ اس رشتے اور تعلق میں دوام نہیں۔ بلکہ اس کا مقصد معینہ مدت تک صرف اپنی جسمانی خواہشات کا حصول ہے۔ نکاح متعہ یا مسیار جائز نہیں۔ لیکن اگر کوئی کر لے تو اس کی عدت دو حیض ہے۔

عدت کے احکامات

عدت کی اقسام کے ساتھ ساتھ عدت کے احکامات کا علم بھی ضروری ہے۔ نیز عدت وفات یا طلاق سے متعلق چند مخصوص احکام درج ذیل ہیں۔

۱۔ عورت عدت وفات اس گھر میں گزارے جہان وہ اپنے خاوند کی وفات کے وقت رہ رہی تھی۔ بغیر کسی شرعی عذر کے اس جگہ کو چھوڑنا جائز نہیں۔

۲۔ اگر اس گھر میں جہاں اس کا خاوند فوت ہوا ہے۔ رہنے میں کوئی تکلیف یا نقصان کا اندیشہ ہے۔ یا عورت کو اس گھر سے جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ تو عورت حسب خواہش جہاں چاہے عدت گزار سکتی ہے۔

۳۔ دوران عدت کسی مجبوری یا ضروری کام کے لئے عورت دن میں گھر سے باہر جا سکتی ہے لیکن رات کو نہیں۔ کیونکہ رات کو جانے میں خرابی و فساد کا اندیشہ ہے۔ دن میں اگر کسی مجبوری کی وجہ سے عورت گھر سے باہر گئی ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ رات واپس اپنے گھر آ کر ہی گزارے۔

۴۔ عدت وفات کے احکام میں سے ایک حکم یہ بھی ہے کہ عورت سوگ کی کیفیت میں رہے۔ اپنی صورت حال اور وضع قطع ایسی نہ بنائے کہ حسن و زیبائش اور بناؤ سنگھار کر کے دعوت نظارہ دے رہی ہو۔ چونکہ عورت ابھی پہلے خاوند کی عدت گزار رہی ہے۔ اور کسی دوسرے شخص کے عقد میں نہیں گئی۔ تو عدت کا تقاضا ہے کہ وہ ابھی پہلے خاوند کا حق پورا کرے۔ اور عدت مکمل ہونے تک ایسے تمام امور ترک کئے رکھے جنہیں بیویاں اپنے شوہوں کے لئے بجا لاتی ہیں۔

۵۔ زمانہ جاہلیت میں لوگ انتہائی مبالغہ کرتے تھے۔عدت والی عورت کو حالت سوگ میں ایک سال تک ایسے تنگ و تاریک مکان میں رکھا جاتا۔ جو سب سے الگ تھلگ ہوتا تھا۔ وہ نہ کوئی خوشبو استعمال کر سکتی تھی۔ نہ غسل کرتی تھی۔ اس کے علاوہ ایسے امور انجام دیتی تھی جس سے تقدیر پر ناراضی کا اظہار ہوتا تھا۔ لیکن اللہ نے یہ طریقہ باطل قرار دیا۔ اور اس کی بجائے صبر و شکر کی تعلیم دی۔

۶۔ عدت وفات کے لئے شریعت نے کوئی مخصوص لباس متعین نہیں یا۔ عورت سادہ اور عام معمول کا لباس پہنے۔ اور زیب و زینت سے باز رہے۔

۷۔ جو عورت طلاق رجعی کی عدت میں ہو۔ اس کا زیب و زینت یا سنگھار کرنا مستحب ہے۔

۸۔ عدت وفات مکمل ہونے پر کوئی مخصوص کام کرنا یا خاص الفاظ ادا کر کے عدت ختم کرنا شرع میں ثابت نہیں۔

۹۔ عدت سے متعلق احکام میں ایک مسئلہ پیغام نکاح بھی ہے۔ اگر عورت شوہر کی وفات کے بعد عدت میں ہو یا اسے طلاق بائن ہو چکی ہو۔ تو اس دوران صاف یا واضح الفاظ میں نکاح کا پیغام بھجوانا حرام ہے۔ البتہ اشارے کنایے میں نکاح کا پیغام دیا جا سکتا ہے۔

۱۰- اگر عورت شوہر کے انتقال یا طلاق کی صورت میں عدت مکمل نہ کرے تو وہ گناہ گار ہو گی۔ لہذا توبہ استغفار کے بعد عورت کے لئےعدت مکمل کرنا لازمی ہے۔

۱۱۔ دوران عدت عورت کے نان نفقے کی ذمہ داری شوہر پر ہو گی۔ عدت کی اقسام اور احکامات کا علم رکھنا ہر مسلمان کے لئے نہا ضروری ہے۔ شریعت کے مطابق عورت مطلقہ ہو یا بیوہ عدت گزارنے کے بعد آزاد ہے۔ جہاں چاہے اپنی مرضی سے نکاح کر سکتی ہے۔ البتہ عدت وفات یا عدت طلاق سے اُٹھنے کا شرعا کوئی طریقہ رائج نہیں۔

جیسے بعض خواتین عدت گزرنے کے بعد اپنے میکے جانے نواف کا اہتمام کرنے، متوفی شوہر کی قبر پر جانے، نیا لباس زیب تن کرنے یا زیب و زینت کو لازمی سمجھتی ہیں۔ لیکن عدت مکمل ہوجانے کے بعد شریعت کی جانب سے معتدہ پر کوئی خاص عمل لازم نہیں۔ لہذا کسی خود ساختہ عمل کو لازمی سمجھنا یا ایسے کسی رواج کی پاسداری ضروری نہیں۔

ایف اے کیوز

رخصتی سے پہلے شوہر کے انتقال کی صورت میں عورت عدت کہاں گزارے؟

اگر نکاح کے بعد رخصتی یا خلوتِ صحیحہ نہ ہوئی ہو اور شوہر کا انتقال ہو جائے تو عورت عدت اپنے میکے میں گزار سکتی ہے۔

لاپتہ شخص کی بیوی کی عدت کیا ہو گی؟

مسلک امام مالکؒ کے مطابق اگر شوہر لاپتہ ہو اور چار سال تک اس کی کوئی خبر نہ ملے تو عورت چار سال انتظار کرے گی، پھر چار ماہ دس دن عدت گزار کر عقدِ ثانی کر سکتی ہے۔
(موطا امام مالک)

کیا عدت گزارنا ضروری ہے؟

جی ہاں، عدت گزارنا شرعی طور پر لازم ہے۔ بلا عذر عدت ترک کرنا گناہ ہے۔

عدت کن عورتوں پر لازم ہے؟

عدت ہر اس عورت پر لازم ہے جس کا شوہر سے تعلق طلاق، خلع، فسخِ نکاح یا وفات کے ذریعے ختم ہو جائے۔ بشرطیکہ نکاح کے بعد خلوتِ صحیحہ ہو چکی ہو۔

شہید کی بیوہ کی عدت کیا ہے؟

شہید کی بیوہ پر بھی وہی عدت لازم ہے جو دیگر بیواؤں پر، یعنی چار ماہ دس دن۔

کیا نو مسلمہ کے لیے بھی عدت لازم ہے؟

اگر شادی شدہ غیر مسلم عورت اسلام قبول کرے اور شوہر اسلام قبول نہ کرے تو عورت پر عدت لازم ہو گی۔ اور عدت مکمل ہونے کے بعد وہ نکاحِ ثانی کر سکتی ہے۔

اگر عورت دورانِ عدت نکاح کر لے تو کیا حکم ہے؟

دورانِ عدت نکاح کرنا حرام ہے۔ اور ایسا نکاح شرعاً باطل شمار ہو گا۔

عدت کا شمار کب سے ہوتا ہے؟

عدت کا شمار طلاق واقع ہونے یا شوہر کے انتقال کے وقت سے شروع ہوتا ہے۔ نہ کہ اطلاع ملنے کے دن سے۔

کن صورتوں میں عورت پر عدت لازم نہیں ہوتی؟

اگر نکاح کے بعد نہ رخصتی ہوئی ہو اور نہ خلوتِ صحیحہ، اور طلاق یا فسخ ہو جائے تو عورت پر عدت لازم نہیں۔

کیا عدت کے دوران ملازمت کرنا جائز ہے؟

اگر عورت کے نان نفقہ کا کوئی اور ذریعہ نہ ہو تو مجبوری کے تحت ملازمت کی اجازت ہے۔ ورنہ بلا ضرورت گھر سے نکلنا مناسب نہیں۔

کیا عدت کے دوران بیوہ کا اسپتال میں داخل ہونا جائز ہے؟

جی ہاں، علاج کی غرض سے اسپتال میں داخل ہونا جائز ہے۔ کیونکہ جان کی حفاظت شریعت میں مقدم ہے۔

کیا عدت مکمل ہونے کے بعد عورت آزاد ہے؟

جی ہاں، عدت مکمل ہونے کے بعد عورت شرعاً آزاد ہے۔ اور اپنی مرضی سے نکاح کر سکتی ہے۔