منگنی ازدواجی سفر کا ابتدائی مرحلہ ہے۔ اور یہ دنیا کے تقریباً تمام معاشروں میں عام ہے۔ جہاں دو افراد شادی کی خواہش کے اظہار کے بعد ایک رسمی تقریب میں انگوٹھیوں کا باہمی تبادلہ اور شادی کا وعدہ اور ارادہ کرتے ہیں۔ اور ایک دوسرے کے ساتھ وابستگی کا اظہار کر کے ایک خوشگوار سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ منگنی کا کیا فائدہ ہے۔ یا منگنی کی اہمیت اور مقصد کیا ہے؟

منگنی کی رسم ایک قدیم روایت ہے۔ جو کئی سالوں سے مشرقی اور مغربی ممالک میں چلی آ رہی ہے۔ مغربی ممالک میں منگنی کی اہمیت اس لحاظ سے زیادہ ہے کہ وہاں کے باشندے اسے ایک جذباتی اور رومانوی موقع کے طور پر لیتے ہیں۔ مشرقی ممالک میں رشتہ طے ہو جانے کے بعد لڑکی اور لڑکے کے والدین دیگر رشتہ داروں کو مدعو کر کے باقاعدہ ایک تقریب کا اہتمام کرتے ہیں۔

مشرقی معاشروں میں کچھ عرصہ پہلے تک تو لڑکے اور لڑکی کی موجودگی منگنی کی تقریب میں ضروری نہیں سمجھی جاتی تھی۔ لیکن اب انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے عام ہونے سے نوجوان نسل دوسرے ممالک کے رسم و رواج اور طور طریقوں کو جان اور اپنا رہی ہے۔ اس لئے آج کل منگنی کی تقریب میں لڑکے اور لڑکی کی شرکت لازمی ہوتی ہے۔

مغربی ممالک میں منگنی کی باقاعدہ تقریب کا اہتمام نہیں کیا جاتا۔ بلکہ لڑکا گھٹنوں کے بل بیٹھ کر لڑکی سے شادی کی درخواست کرتا ہے۔ اور قبول ہونے کی صورت میں اسے انگوٹھی پہناتا ہے۔

منگنی کی اہمیت اور مقصد:

منگنی دراصل دو افراد کے ایک دوسرے سے وابستہ ہونے کا باضابطہ اعلان ہے۔ اس کے بعد شادی کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔ لڑکی اور لڑکا دونوں اپنے مستقبل کے حوالے سے خواب بننا شروع کرتے ہیں۔ والدین اس بات پر فکرمند ہوتے ہیں کہ جہیز کتنا ہو گا۔ شادی کی تقریب کیسی اور کہاں ہو گی۔ کتنے لوگوں کو مدعو کیا جائے گا۔ لیکن اس دوران منگنی کا جو اصل مقصد ہے اسے بعض اوقات فراموش کر دیا جاتا ہے۔

منگنی دو افراد کے لئے ازدواجی زندگی کی اہمیت سمجھنے سیکھنے، اپنے حقوق و فرائض جاننے اور ایک ساتھ زندگی گزارنے کے لئے جو سمجھوتے اور قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ اس کی تیاری کے لئے ہونی چاہئیے۔ نہ کہ مادی اور عارضی خوشیوں کے پیچھے بھاگ کر اس وقت کو ضائع کر دیا جائے۔

یوں تو ازدواجی زندگی کے حوالے سے تربیت والدین کا فریضہ ہے۔ ان کے لئے لازم ہے کہ وقتاً فوقتاً بچوں کو رشتوں کی اہمیت بتائیں۔ انہیں نبھانے کے فن سے روشناس کرائیں۔ اور منگنی کے بعد تو اس کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ آپ کو معلوم ہو جاتا ہے کہ آپ کا بیٹا یا بیٹی کس خاندان سے وابستہ ہونے جا رہے ہیں۔ ان کے رسم و رواج اور رہن سہن کیسا ہے۔ بیٹی کو اس گھر میں ایڈجسٹ ہونے کے لئے کیا طور طریقے اپنانے ہوں گے۔ ان سب باتوں کو شادی سے پہلے ڈسکس کیا جانا بہت ضروری ہے۔

منگنی کی ضرورت:

منگنی کا مرحلہ اور اس کے بعد شادی تک کا دورانیہ لڑکے اور لڑکی کے لئے دوست اور رشتے داروں کو اپنی انگوٹھی دکھانے یا کسی رشتے میں بندھ کر دھوم مچانے کا وقت نہیں ہے۔ بلکہ منگنی کی اہمیت اور ضرورت اس لحاظ سے بھی بڑھ جاتی ہے۔ کہ یہ دورانیہ ممکنہ جوڑے کو ان کی شخصی و ذہنی مطابقت اور شادی کی کامیابی کے امکانات کو جانچنے میں مدد کرتا ہے۔

آپ نہ صرف بات چیت کے بعد لڑکے اور اس کے گھر والوں کی عادات سے واقف ہوتے ہیں۔ بلکہ اہم امور پر ان کے نقطہ نظر کو بھی جانچ سکتے ہیں۔

مطابقت کی جانچ:

شادی سے پہلے، منگنی کے دوران دونوں خاندان اور جوڑا ایک دوسرے کے بارے میں بہت سی چیزیں سیکھتے اور سمجھتے ہیں۔ ان رسم و رواج سے واقف ہوتے ہیں جو پہلے نہیں جانتے تھے۔ کسی غیر یقینی صورتحال کی صورت میں ایک بندھن میں بندھنے سے پہلے اس تعلق پر آخری محتاط نظر ڈال سکتے ہیں۔ کیونکہ منگنی محض ایک زبانی دعوی ہے۔ کوئی قانونی معاہدہ نہیں۔ جو کسی ناچاقی یا غیر مطابقت کی صورت میں ختم نہ کیا جا سکے۔

مضبوط تعلقات:

اس دورانیے میں جوڑے اور دونوں خاندانوں کو ایک دوسرے سے باقاعدہ تعلقات اور ملاقات کے مواقع ملتے رہتے ہیں۔   دونوں خاندان ایک دوسرے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرتے ہیں۔ اگر کسی کو منگنی سے پہلے اپنے ہونے والے سسرال کے بارے میں زیادہ معلومات نہ ہوں تو شادی کے بعد ایڈجسٹ ہونے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔

 شادی کی منصوبہ بندی:

اگرچہ والدین یا بچوں کو شادی اور رشتوں کے بارے میں بات کرنے سے کوئی چیز نہیں روکتی۔ لیکن ایک بار جب باقاعدہ منگنی ہو جاتی ہے۔ تو وہ سنجیدگی سے شادی اور مستقبل کی منصوبہ بندی شروع کر دیتے ہیں۔ منگنی کی اہمیت اس لئے بھی ہوتی ہے کہ اس میں نہ صرف شادی اور تقریب بلکہ شادی کے پہلے سال اور مستقبل کے لیے بھی منصوبے بنائے جا سکتے ہیں۔

منگنی کی مدت جوڑوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنے، ذاتی پسند اور ناپسند کے بارے میں جاننے اور یہ بات کرنے کے لیے کہ وہ اپنی زندگی ایک ساتھ کیسے شروع کرنا چاہتے ہیں،مدد فراہم کرتی ہے۔ یہ ان کے لیے خاندان، بچوں، کیریئر کے انتخاب، مالیات، اور باہمی ذمہ داریوں کے بارے میں اپنی ترجیحات پر تبادلہ خیال کرنے کا ایک اچھا وقت ہے۔

شادی کی منصوبہ بندی میں بہت سے مراحل شامل ہوتے ہیں۔ جیسے تقریب کی تاریخ طے کرنا، تقریب کے لئے مناسب جگہ تلاش کرنا، مہمانوں کا انتخاب،  دعوت نامے بھیجنا، کھانے کا فیصلہ کرنا، دلہن کے لباس کا انتخاب، گھر یا سٹیج کی ڈیکوریشن۔ تحائف کی خریداری وغیرہ۔ منگنی کے بعد ان سب کی تیاری کے لئے وافر وقت مل جاتا ہے۔

لیکن ان سب تیاریوں میں منگنی کی اہمیت اور اسکے اصل مقصد کو ضرور ملحوظ خاطر رکھنا چاہئیے۔ تا کہ ایک کامیاب ازدواجی زندگی کا آغاز ہو سکے۔

اختتامی نوٹ:

اگر آپ ایک اچھے رشتے کی تلاش میں ہیں تو آج ہی سمپل۔رشتہ پر رجسٹریشن کر کے اپنی ترجیحات پر مبنی جیون ساتھی کا انتخاب کریں۔ لنک درج ذیل ہے۔

Simple Rishta

Simple Rishta

We are available from : 10:00 AM to 10:00 PM (Monday to Friday)

I will be back soon

Simple Rishta
Hey there 👋
How can we help you?
Messenger